تھائی لینڈ جانے والے غیر ملکیوں کیلئے اہم تبدیلی سامنے آگئی، حکومت نے ویزا فری قیام کی مدت 60 دن سے کم کرکے 30 دن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تھائی لینڈ نے غیر قانونی کاروباروں اور غیر ملکیوں کی طرف سے نامزد جائیدادوں کی خریداری کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے ، غیر ملکی شہریوں سے متعلق جرائم اور خلاف ورزیوں کے سامنے آنے کے بعد حکومت نے بھی اہم فیصلہ کیا ہے۔
ویزا فری قیام کی مدت کم
حکومت نے غیر ملکی شہریوں سے متعلق جرائم اور خلاف ورزیوں کے پیش نظر ویزا فری قیام کی مدت 60 دن سے نصف کرکے 30 دن کردی ہے، اس فیصلے کے بعد تھائی لینڈ جانے والے غیر ملکیوں کے قیام سے متعلق موجودہ سہولت میں نمایاں تبدیلی آگئی ہے۔
وزیراعظم کا سخت ردعمل
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھائی وزیر اعظم انوتین چرنویراکول نے حال ہی میں متعلقہ سرکاری اداروں کے اجلاس کی صدارت کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت ردعمل کا حکم دیا ، انوتین چرنویراکول نے کہا کہ غیر ملکیوں کی طرف سے غیر قانونی کارروائیاں قابل قبول حد سے تجاوز کر گئی ہیں۔
تھائی وزیر اعظم نے کہا، ’’چونکہ ہم نے داخلے کی فراخدلی سے مراعات فراہم کی ہیں، اس لیے غیر ملکیوں کو بھی قانون کی پابندی کرنی چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تھائی لینڈ ان لوگوں کو کبھی برداشت نہیں کرے گا جو ملک کا استحصال کرنا چاہتے ہیں۔
تھائی لینڈ حکومت کے اس فیصلے کے بعد غیر ملکی مسافروں کے لیے ملک میں قیام سے متعلق قواعد میں اہم تبدیلی آئے گی ، حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں کو دی جانے والی سہولتوں کے ساتھ مقامی قوانین کی پابندی بھی ضروری ہے، جبکہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔