مسجد الحرام کے معروف مؤذن شیخ ابراہیم المدنی انتقال کرگئے

مسجد الحرام کے معروف مؤذن شیخ ابراہیم المدنی انتقال کرگئے

مسجد الحرام کے مؤذن شیخ ابراہیم بن عادل مدنی انتقال کرگئے ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی حرمین شریفین سے وابستہ حلقوں اور دنیا بھر میں ان کی اذان سننے والے افراد میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

سعودی میڈیا کے مطابق شیخ ابراہیم المدنی مسجد الحرام کے مکبریہ کے رکن اور بنیادی مؤذنوں میں شامل تھے۔ سعودی ذرائع کے مطابق مسجد الحرام میں 24 بنیادی مؤذن خدمات انجام دیتے ہیں جن میں سے روزانہ 6 مؤذن باری باری نمازوں کی اذان اور فجر کی پہلی اذان دیتے ہیں۔ شیخ ابراہیم المدنی خصوصاً فجر کی اذان، تکبیرات اور امام کے پیچھے تبلیغ کے حوالے سے معروف تھے۔

رپورٹس کے مطابق شیخ ابراہیم المدنی کا انتقال آج پیر کے روز ہوا ان کی وفات کی خبر سعودی ذرائع ابلاغ اور حرمین سے وابستہ افراد کی جانب سے سامنے آئی جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی اذان اور تکبیرات کی آڈیو اور ویڈیوز بھی گردش کرنے لگیں۔

شیخ ابراہیم المدنی کی آخری اذان بھی ان کے لیے ایک یادگار نسبت بن گئی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق انہوں نے پیر کی صبح مسجد الحرام میں فجر کی پہلی اذان دی، جس کے بعد اسی روز ان کے انتقال کی خبر سامنے آئی۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کے لندن سفر کے اخراجات کتنے نکلے؟ اہم دستاویز سامنے آگئی

شیخ ابراہیم المدنی نے ایک سابق گفتگو میں مسجد الحرام میں اپنی پہلی اذان کی یاد بھی بیان کی تھی  خانہ کعبہ کے گرد طواف کرنے والے لوگوں کو اپنی آواز میں اذان سنتے دیکھ کر وہ جذباتی ہوگئے تھے اور ان کے الفاظ تھے کہ میں کون ہوں کہ اس پاک مقام پر میری آواز بلند ہو؟

سعودی ذرائع میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شیخ ابراہیم المدنی مسجد الحرام کی مکبریہ میں خدمات انجام دیتے تھے بعض رپورٹس کے مطابق وہ عبادت اور اللہ تعالیٰ کے قرب کے لیے حرم کی مکبریہ میں خاص طور پر رات کے آخری پہر وقت گزارتے تھے۔

ان کے انتقال پر حرمین شریفین سے وابستہ افراد اور ان کی اذان سے عقیدت رکھنے والوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر ان کی آواز میں ریکارڈ کی گئی اذانیں اور تکبیرات شیئر کی جا رہی ہیں۔

اللہ تعالیٰ مرحوم شیخ ابراہیم بن عادل مدنی کی مغفرت فرمائے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles