وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اہم دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے، جہاں وہ ایرانی اعلیٰ قیادت اور حکام سے ملاقاتیں کریں گے، دورے کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
تہران ایئرپورٹ پہنچنے پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا استقبال کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے حکام بھی موجود تھے۔
محسن نقوی کے دورۂ ایران کے دوران اہم حکومتی شخصیات سے ملاقاتوں کا شیڈول طے ہے، جن میں مختلف علاقائی اور دوطرفہ معاملات پر بات چیت متوقع ہے۔
خطے کی صورتحال پر بات چیت
وزیر داخلہ محسن نقوی ایرانی قیادت سے ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ ملاقاتوں میں بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال اور اس کے پاکستان و ایران پر اثرات سمیت اہم معاملات زیر بحث آنے کا امکان ہے،دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ملاقاتوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون اور باہمی روابط سے متعلق امور بھی زیر غور آنے کا امکان ہے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور علاقائی سطح پر رابطے مسلسل جاری ہیں،وزیر داخلہ کے دورے میں دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو مزید آگے بڑھانے سے متعلق امور بھی اہمیت اختیار کر سکتے ہیں۔
ایران کے متعدد دورے کرچکے
واضح رہے کہ محسن نقوی اس سے قبل بھی ایران کے متعدد دورے کر چکے ہیں اور ایرانی حکام سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔ موجودہ دورہ بھی پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔