بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف نے زچگی کے بعد جسم اور جلد میں آنے والی تبدیلیوں، صحت اور خوبصورتی کے بدلتے تصور پر کھل کر گفتگو کی ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں کترینہ نے بتایا کہ حمل کے بعد ان کی جلد پہلے کے مقابلے میں زیادہ حساس ہوگئی تھی۔ ان کے لیے یہ ایک نیا تجربہ تھا اور انہیں یہ سمجھنے میں وقت لگا کہ کون سی مصنوعات ان کی جلد کے لیے موزوں ہیں۔ اداکارہ کے مطابق وہ ایسی مصنوعات استعمال کرنے کی کوشش کرتی ہیں جو جلد کو سکون اور تازگی فراہم کرنے کے ساتھ اسے بہتر محسوس کرائیں۔
کترینہ کیف نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت خوبصورتی کے حوالے سے کئی مخصوص تصورات موجود تھے، تاہم وقت کے ساتھ ان کی سوچ میں بھی تبدیلی آئی ہے۔ اداکارہ کے مطابق اب ان کے لیے خوبصورت نظر آنے کا مطلب صرف ظاہری شخصیت تک محدود نہیں بلکہ خود کو اندر سے صحت مند اور بہتر محسوس کرنا بھی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صحت مند غذا، جسم میں سوزش کو قابو میں رکھنے کی کوشش، جسمانی طور پر متحرک رہنا اور مراقبہ ان کے معمول کا حصہ ہیں۔کترینہ نے اپنی روزمرہ زندگی کی ایک اور عادت کے بارے میں بتایا کہ وہ کوشش کرتی ہیں کہ صبح اٹھنے کے بعد تقریباً ایک گھنٹے تک فون سے دور رہیں اور صبح کی قدرتی روشنی حاصل کریں۔
ان کے مطابق روزمرہ کی یہ عادات اس بات پر اثر انداز ہوتی ہیں کہ انسان خود کو کس طرح محسوس کرتا ہے، جس کا اثر بالآخر ظاہری شخصیت اور جلد پر بھی دکھائی دے سکتا ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب انسان خود کو صحت مند محسوس کرتا ہے تو اس کا اعتماد بھی قدرتی طور پر اس کی شخصیت میں نظر آتا ہے۔
کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل نے دسمبر 2021 میں قریبی اہل خانہ اور دوستوں کی موجودگی میں شادی کی تھی۔دونوں کے ہاں نومبر 2025 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی، جس کا نام ویہان رکھا گیا ہے۔