امریکاکے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دور صدارت سے متعلق عوامی منظوری کی شرح ایک نئے سروے میں 29 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ معیشت سے نمٹنے کے حکومتی طریقہ کار پر بھی بڑی تعداد نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
امریکن ریسرچ گروپ کے سروے کے مطابق معیشت پر مثبت آراء صرف 26 فیصد رہیں، جبکہ 72 فیصد لوگوں نے کہا کہ امریکی معیشت خراب ہو رہی ہے۔
سروے میں 68 فیصد ووٹرز نے ٹرمپ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا جبکہ معیشت کے انتظام پر 71 فیصد نے ناپسندیدگی ظاہر کی۔
ماہرین کے مطابق مہنگائی اور روزمرہ کی قیمتوں میں اضافہ اس کمی کی بڑی وجہ ہے، ایران جنگ کے بعد سے اقتصادی مایوسی مزید بڑھی ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ انتظامیہ کی معاشی پالیسیوں کا دفاع کرتے ہوئے سروے میں سامنے آنے والی منفی تصویر کو مسترد کیا ہے اور امریکی معیشت کو مضبوط قرار دیا ہے۔
ٹرمپ کی گرتی ہوئی مقبولیت پر ڈیموکریٹس خوش ہیں، کیونکہ مڈٹرم انتخابات میں صدر کی جماعت کو کانگریس میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے سخت مقابلے کا سامنا ہو سکتا ہے ، انتخابات ابھی باقی ہیں اور سیاسی منظرنامہ کسی بھی وقت تبدیل ہو سکتا ہے، ٹرمپ کی مہم اور ریپبلکن پارٹی آنے والے عرصے میں معیشت، قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کو اپنے حق میں استعمال کرنے کی کوشش کر سکتی ہے۔
فی الحال تازہ سروے ایک واضح پیغام دے رہا ہے کہ ٹرمپ کی مقبولیت دباؤ میں ہے، اور مڈٹرم انتخابات سے پہلے امریکی ووٹرز کا موڈ ریپبلکن پارٹی کے لیے اہم سوال بن چکا ہے۔
واضح رہے کہ مختلف اداروں کے حالیہ سروے میں ٹرمپ کی مقبولیت کے اعداد و شمار ایک جیسے نہیں ہیں، مثال کے طور پر 21 ستمبر کو جاری رائٹرز/اِپسوس سروے میں ان کی مجموعی منظوری 32 فیصد ریکارڈ کی گئی۔