قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا ہے کہ وہ ٹی 20 کپتانی کے لیے ذہنی طور پر تیار نہیں ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے آل راؤنڈر شاداب خان نے فی الحال قومی ٹی 20 کپتانی سنبھالنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس ذمہ داری کے لیے ذہنی طور پر تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ کپتانی سلمان علی آغا کی حمایت کرتا ہوں، وہ بطور کپتان اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور انہیں خود کو منوانے کے لیے مزید وقت ملنا چاہیے۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ آئے روز کپتان تبدیل کرنے سے حالات بہتر نہیں ہوں گے تسلسل بہت ضروری ہے ، کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹی 20 کپتانی کے حوالے سے مجھ سے ابھی تک کسی نے رابطہ نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال کے اوائل میں ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد سلمان علی آغا کو ٹی 20 کپتانی سے ہٹا کر شاداب کو کپتان بنایا جاسکتا ہے۔
تاہم اب شاداب نے سلمان علی آغا کی حمایت کی ہے اور پاکستان کی ٹی 20 قیادت میں تسلسل کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
یاد رہے کہ آل راؤنڈر نے پہلی بار 2020 کے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران ٹیم کی قیادت کی تھی جب کپتان بابر اعظم انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہو گئے تھے، پاکستان کو اس تین میچوں کی سیریز میں 1-2 سے شکست ہوئی تھی ، اس کے علاوہ شاداب پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی کرچکے ہیں۔