جنوبی بھارت کے ایک نجی اسپتال میں ڈاکٹروں کو اس وقت حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے ایک خاتون کے معدے سے 20 غیر معمولی اشیا نکال لیں۔ ان اشیا میں 14 قلم، 5 لکڑی کے چمچ اور ایک موم بتی شامل تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 5 ستمبر کو ریاست آندھرا پردیش کے ضلع پلناڈو کے شہر نرسارا پیٹ میں واقع ماتا شری پرائیویٹ اسپتال میں پیش آیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق پتلوری واری پالیم گاؤں سے تعلق رکھنے والی خاتون کو اہل خانہ سینے میں درد اور شدید بے آرامی کی شکایت پر اسپتال لے کر پہنچے۔ ڈاکٹروں نے ابتدائی معائنے کے بعد مختلف تشخیصی ٹیسٹ کیے تو معلوم ہوا کہ خاتون کے معدے میں متعدد غیر معمولی اشیا موجود ہیں۔
ڈاکٹر پی رام چندرا ریڈی کی سربراہی میں سرجنز کی ٹیم نے خاتون کے معدے سے یہ اشیا نکالنے کے لیے لیپروسکوپک طریقہ اختیار کیا۔ تقریباً 1 گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران ڈاکٹروں نے تمام اشیا احتیاط سے معدے سے باہر نکال لیں۔ڈاکٹروں کے مطابق نکالے گئے قلموں میں سب سے لمبا قلم تقریباً 25 سینٹی میٹر کا تھا، جبکہ ایک قلم کا ڈھکن بھی موجود نہیں تھا، جس سے اندرونی چوٹ کے خطرے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر پی رام چندرا ریڈی کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ خاتون نے اتنی بڑی تعداد میں مختلف اشیا کس طرح نگلیں۔تاہم آپریشن کے بعد خاتون کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے اور وہ صحت یاب ہو رہی ہے۔خاتون کے والد کے مطابق ان کی بیٹی گزشتہ تقریباً 10 برس سے ذہنی صحت کے مسائل کا سامنا کر رہی تھی، جبکہ اس کے شوہر نے تقریباً2 ماہ قبل اسے طلاق دے دی تھی۔