مسلح افواج دہشتگردی کو شکست دینے اور ملک میں دیرپا قیام امن کیلئے پرعزم ہیں، فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر

مسلح افواج دہشتگردی کو شکست دینے اور ملک میں دیرپا قیام امن کیلئے پرعزم ہیں، فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر

  چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فارمیشنز کو مسلسل چوکس رہنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج دہشتگردی کو شکست دینے اور ملک بھر میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی سکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی، خیبر پختونخوا میں جاری انسدادِ دہشتگردی آپریشنز اور سرحدی انتظام بارے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل کو سرحدی انتظامی اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور ملک اور عوام کے تحفظ کے لیے افسران و جوانوں کی ثابت قدمی کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں :یادگار فتح کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

فیلڈ مارشل نے فارمیشنز کو ہر وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے  کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیرمتزلزل حمایت سے دہشت گردی کو شکست دینے کے عزم پر قائم ہیں، ملک بھر میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کے لیے مسلح افواج پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور پہنچنے پرکور کمانڈر پشاور نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔

editor

Related Articles