خیبرپختونخوا عزت، غیرت اور وقار والوں کی دھرتی، تباہ نہیں ہونے دیں گے: عطا تارڑ

خیبرپختونخوا عزت، غیرت اور وقار والوں کی دھرتی، تباہ نہیں ہونے دیں گے: عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پختون اور غیرت لازم و ملزوم ہیں، خیبرپختونخوا عزت، غیرت اور وقار والوں کی دھرتی ہے اور اسے تباہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ سانحہ کوہاٹ کے زخمیوں کے بلند حوصلے نے انہیں مضبوط کیا، جبکہ شہید کانسٹیبل فہیم کے والد عزم و حوصلے کی داستان کی مانند تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ریڈیو پاکستان پشاور کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان پشاور ہمارا تاریخی اور قومی اثاثہ ہے۔ پاکستان بننے کا اعلان بھی ریڈیو پاکستان پشاور سے کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی پر تنقید

عطا تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والے ذہنی غلام ہیں اور کبھی پاکستان کی تعمیر و ترقی کی بات نہیں کریں گےانہوں نے کہا کہ جھوٹا بیانیہ چلانے کے معاملے میں تحریک انصاف بہت آگے ہے،عطا تارڑ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو مکار اور بہروپیے قرار دیتے ہوئے کہا کہ خودمختاری اور ترقی کی بات ہمیشہ مسلم لیگ (ن) نے کی ہے۔

ریڈیو پاکستان کی عمارت کا حوالہ

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قوم کو حق اور باطل جبکہ سچ اور جھوٹ کے درمیان فیصلہ کرنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی عمارت سے کسی کو کیا دشمنی ہوسکتی تھی؟ چاغی کے پہاڑ کے ماڈل کو بھی جلایا گیا،عطا تارڑ نے کہا کہ یہ سیاسی لوگ نہیں بلکہ انتشار پھیلاتے ہیں۔

نواز شریف کا ذکر

عطا تارڑ نے کہا کہ نواز شریف نے دنیا کی مخالفت مول لے کر پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا،وفاقی وزیر اطلاعات نے خیبرپختونخوا حکومت پر وفاق سے امن و امان کی مد میں ملنے والے ڈیڑھ سو ارب روپے کے استعمال پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس رقم کا حساب دینا ہوگا،انہوں نے الزام عائد کیا کہ جھوٹا بیانیہ بنانے اور جھوٹی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلانے میں بھی پی ٹی آئی ماہر ہے۔

ٹی ٹی پی سے متعلق الزام

عطا تارڑ نے تحریک انصاف کو ٹی ٹی پی کی ’بی‘ ٹیم قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ ٹی ٹی پی کی مذمت نہیں کریں گے اور ان کے ساتھ دہشت گرد ملے ہوئے ہیں۔

مائننگ ٹھیکوں کا معاملہ

وفاقی وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ مائننگ ٹھیکوں کا پیسہ یوٹیوبرز اور بیرون ملک جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کو ان کی ’’بھیانک شکل‘‘ دکھانے آئے ہیں۔

اسلام آباد جانے سے متعلق بیان

عطا تارڑ نے کہا کہ ان کے اسلام آباد جانے کا نہیں بلکہ اقتدار سے جانے کا وقت آگیا ہے، انہوں نے کہا کہ انہیں اسلام آباد میں انتشار نہیں پھیلانے دیا جائے گا۔

ساڑھے 13 سال کا حساب مانگ لیا

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاق نے خیبرپختونخوا کو جو پیسہ دیا، اس کا حساب کون دے گا۔ صوبائی حکومت کو فنڈز نہ ملنے کے بہانے کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ ساڑھے 13 سالوں کا حساب دیا جائے اور رسیدیں نکالی جائیں، عطا تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا جیسے خوبصورت صوبے کو تباہ نہیں ہونے دیں گے۔

editor

Related Articles