اسمارٹ فون ہماری روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔ رابطے، سوشل میڈیا، کام اور تفریح سمیت کئی ضروری کام اب موبائل فون کے ذریعے ہی انجام دیے جاتے ہیں۔
ایسے میں اگر فون اچانک پانی میں گر جائے یا اس پر پانی گر جائے تو اکثر لوگ گھبرا جاتے ہیں اور جلد بازی میں ایسے اقدامات کر بیٹھتے ہیں جو فون کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ اگر آپ کے ساتھ بھی ایسا ہو جائے تو گھبرانے کے بجائے فوری طور پر چند احتیاطی اقدامات کریں۔
سب سے پہلے فون بند کریں
فون کے پانی میں گرنے یا بھیگنے کے فوراً بعد اسے بند کردیں۔ اگر فون پانی میں گرنے کے باوجود چل رہا ہو تو بھی اسکرین پر بار بار ٹیپ کرنے یا دوسرے بٹن دبانے سے گریز کریں۔ فون کو فوری طور پر پاور آف کرنا بہتر ہے۔
اس کے بعد فون کو بجلی کے کسی بھی ذریعے سے دور رکھیں، کیونکہ نمی کی موجودگی میں برقی رو فون کے اندرونی حصوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے اور آپ کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔ اگر فون کی بیٹری آسانی سے نکالی جا سکتی ہے تو اسے بھی باہر نکال دیں۔ اسی طرح سم کارڈ اور میموری کارڈ بھی فون سے نکال لیں۔
فون بند کرنے کے بعد اسے نرم اور صاف کپڑے سے احتیاط کے ساتھ خشک کریں۔ فون کے سامنے اور پچھلے حصے کے ساتھ ساتھ اس کے کناروں پر موجود پانی بھی صاف کریں۔چارجنگ پورٹ اور ہیڈ فون پورٹ میں موجود پانی کو بھی احتیاط سے نکالنے کی کوشش کریں، تاہم کسی چیز کو پورٹ کے اندر ڈالنے سے گریز کریں۔
اس کے بعد فون کو خشک اور ہوا دار جگہ پر رکھ دیں اور اسے مکمل طور پر خشک ہونے کے لیے مناسب وقت دیں۔ فون کو فوراً آن کرنے کی کوشش نہ کریں، کیونکہ اندر موجود معمولی نمی بھی اس کے برقی حصوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
سلیکا جیل بھی مددگار ہوسکتا ہے
اگر دستیاب ہو تو فون کو کسی خشک اور بند تھیلے میں سلیکا جیل کے پیکٹس کے ساتھ رکھا جا سکتا ہے۔ سلیکا جیل نمی جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تاہم فون کو خشک کرنے کے لیے سفید چاول استعمال کرنے کا طریقہ عام طور پر مشہور ہے، لیکن اس کی کامیابی کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ چاول کے ذرات فون کے مختلف حصوں میں داخل ہوکر مزید مسئلہ پیدا کرسکتے ہیں۔
فون کو مناسب وقت تک خشک ہونے دینے کے بعد ہی اسے دوبارہ آن کرنے کی کوشش کریں۔ اگر فون آن ہوجائے تو چند دن تک اس کی کارکردگی پر نظر رکھیں۔ خاص طور پر اسپیکر، مائیکروفون، چارجنگ پورٹ اور دیگر اہم فیچرز کو چیک کریں۔ اگر فون آن نہ ہو تو اسے بار بار چلانے کی کوشش نہ کریں۔ ایسی صورت میں کسی ماہر ٹیکنیشن سے معائنہ کروانا بہتر ہے۔
یہ غلطیاں ہرگز نہ کریں
فون سے پانی نکالنے کے لیے اسے زور زور سے جھٹکے نہ دیں۔ اس طرح پانی فون کے اندرونی حصوں تک مزید پھیل سکتا ہے۔ اسی طرح فون کو ہیئر ڈرائر، ہیٹر یا کسی دوسرے گرم ذریعے سے خشک کرنے کی کوشش بھی نہ کریں۔ زیادہ حرارت فون کے اندر موجود حساس پرزوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ یاد رکھیں، پانی میں گرے فون کو بچانے میں سب سے اہم چیز جلد بازی سے گریز، فون کو بند کرنا اور اسے مناسب طریقے سے خشک ہونے کا وقت دینا ہے۔