معروف بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے کترینہ کیف کے ہاں بچے کی ولادت کے بعد ان کی جسمانی ہیئت پر ٹرولنگ کرنے والوں پر کڑی تنقید کرتے کہا یہ بالکل ناسمجھ لوگ ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ کترینہ کیف کو حال ہی میں اس وقت شدید ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا جب وہ اپنے شوہر وکی کوشل کے ساتھ امبانی خاندان کے ہاں ہونیوالی تقریبات میں شریک ہوئیں ، اس موقع پر انکے بڑھے ہوئے جسمانی وزن پر تنقید کی گئی۔
اس سے قبل بھارتی ریئلٹی شو بگ باس 20 میں سلمان خان نے دوران حمل کے باعث وزن بڑھنے پر خواتین کو ٹرول کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
سلمان خان کا کہنا تھا کہ حمل کے بعد وزن بڑھنا معمول کی بات ہے اور کترینہ جب دوبارہ فلموں میں کام شروع کریں گی تو خود کو فٹ کر لیں گی۔
اور اب پرینیتی چوپڑا نے بھی کترینہ کا دفاع کرتے ہوئے ایسے لوگوں پربرس پڑیں ، انہوں نے خواتین اداکاراؤں کو ان کی ظاہری شکل کے حوالے سے جس سخت جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس کی طرف بھی اشارہ کیا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران پرینیتی سے پوچھا گیا کہ وہ کترینہ پر تنقید کرنے والوں اور سلمان خان کی جانب سے ان کا دفاع کرنے کے بارے میں کیا کہیں گی؟ جس پر پرینیتی نے اس قسم کے ٹرولز کو مکمل طور پر ناسمجھی قرار دیا۔
انھوں نے کہا زچگی کے بعد خواتین کے جسم پر تبصرہ کرنا میری سمجھ سے بالاتر ہے، آپ بال کٹواتی ہیں تو بال چھوٹے ہو جاتے ہیں۔ آپ چھٹیوں پر جاتی ہیں تو جسم پر دھوپ کا اثر لے کر واپس آتی ہیں۔
آپ نے جو کچھ بھی کیا اس کا اثر جسم پر نظر آتا ہے اور یہ سب کچھ سراہا جاتا ہے لیکن ایک انسانی زندگی، ایک بچے کو جنم دینا، اس کا اثر جسم پر پڑنے پر تنقید کیسے کی جاسکتی ہے؟ انھوں نے کہا ماں بننے کے جسمانی اثرات تنقید کے بجائے تعریف کے لائق ہے۔