چین کی صرف 6 سالہ بچی نے روبک کیوب حل کرنے میں غیر معمولی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین دن کے دوران دو بار عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
چینگدو سے تعلق رکھنے والی کم عمر اسپیڈ کیوبر لیان یونژی نے ووہان اور گوانگژو میں ہونے والے مقابلوں کے دوران خواتین کے 3×3 روبک کیوب کے اوسط حل کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔
لیان نے پہلے 4.52 سیکنڈ اور پھر صرف 4.27 سیکنڈ کے اوسط وقت کے ساتھ ریکارڈ قائم کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ 4.5 سیکنڈ سے کم وقت میں یہ ریکارڈ بنانے والی پہلی خاتون اسپیڈ کیوبر بھی بن گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:11 بال پوائنٹس پر قانون کا پورا نصاب، طالب علم کی انوکھی کوشش پکڑی گئی
لیان کو روبک کیوب حل کرنے کا شوق ایک اضافی نصابی کلاس کے ذریعے پیدا ہوا۔ بعد میں ان کی والدہ نے بیٹی کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے کیوبنگ کی مشق پر خصوصی توجہ دی۔ کم عمر بچی اب روبک کیوب حل کرنے کے 1300 سے زائد مختلف الگورتھمز پر مہارت حاصل کرچکی ہیں اور روزانہ اپنے والدین کے ساتھ تقریباً 2 سے 3 گھنٹے مشق کرتی ہیں۔
ورلڈ کیوب ایسوسی ایشن کے مطابق لیان چین میں اب تک 33 مقابلوں میں حصہ لے چکی ہیں، جبکہ ان کے نام 569 آفیشل سولو حل بھی درج ہیں۔3×3×3 روبک کیوب حل کرنے میں ان کا بہترین انفرادی وقت 3.54 سیکنڈ جبکہ 2×2×2 کیوب حل کرنے کا بہترین وقت 2.15 سیکنڈ ہے۔
لیان کے مطابق روبک کیوب حل کرنے سے توجہ مرکوز کرنے، یادداشت، منطقی سوچ اور چیزوں کو مختلف زاویوں سے سمجھنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کیوبنگ صرف فارمولے یاد کرنے کا نام نہیں بلکہ اصل مقصد مسئلے کا بہترین حل تلاش کرنا ہے۔
لیان سے قبل خواتین کے 3×3 روبک کیوب کے اوسط عالمی ریکارڈ کا اعزاز قیشیان کاؤ کے پاس تھا۔قیشیان نے صرف 3 سال کی عمر میں روبک کیوب حل کرنا شروع کیا تھا اور 2023 میں 6 سال کی عمر میں 5.97 سیکنڈ کے اوسط وقت کے ساتھ عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔اب 6 سالہ لیان یونژی نے اس ریکارڈ کو مزید بہتر بنا کر روبک کیوب کی دنیا میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔


