بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں واقع ہیمر ہیڈ پہاڑ قدرت کا ایک منفرد اور دلکش شاہکار ہے، جو اپنی عجیب و غریب شکل کے باعث سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتا ہے۔ مقامی طور پر اسے کوہِ باطل بھی کہا جاتا ہے۔
یہ پہاڑی جزیرہ نما بحیرہ عرب میں آگے تک پھیلا ہوا ہے اور ایک باریک ریتلی پٹی کے ذریعے گوادر کے مرکزی شہر سے جڑا ہے۔ جغرافیائی اصطلاح میں اس ریتلی پٹی کو ٹومبولو کہا جاتا ہے۔ فضائی منظر سے دیکھا جائے تو اس پہاڑ کی ساخت ہتھوڑے جیسی دکھائی دیتی ہے، اسی وجہ سے اسے ہیمر ہیڈ کہا جاتا ہے۔
ہیمر ہیڈ پہاڑ گوادر کے ساحلی علاقے کو دو نمایاں خلیجوں، ڈیمی زر اور پدی زر کے درمیان ایک منفرد جغرافیائی منظر فراہم کرتا ہے۔ یہ چٹانی پہاڑی سطح سمندر سے تقریباً 400 سے 500 فٹ بلند بتائی جاتی ہے، جہاں سے گوادر شہر، بندرگاہ اور بحیرہ عرب کا وسیع منظر دیکھا جاسکتا ہے۔
لاکھوں سال میں تشکیل پانے والا قدرتی عجوبہ
ماہرین کے مطابق گوادر کا یہ خطہ زمین کی ٹیکٹونک سرگرمیوں اور سمندری لہروں کے طویل عرصے تک جاری رہنے والے عمل سے تشکیل پایا ہے۔وقت گزرنے کے ساتھ سمندری لہروں اور ارضیاتی تبدیلیوں نے چٹانوں کی ساخت کو تبدیل کیا، جس کے نتیجے میں آج ہیمر ہیڈ پہاڑ اپنی منفرد شکل میں نظر آتا ہے۔
سیاحوں اور فوٹوگرافرز کی پسندیدہ جگہ
ہیمر ہیڈ کی بلندی پر پہنچنے کے بعد گوادر شہر، گہرے نیلے سمندر اور ساحلی علاقے کا وسیع منظر دکھائی دیتا ہے۔ پہاڑ تک پہنچنے کے لیے بنائی گئی سڑک اور سیڑھیاں سفر کو مزید دلچسپ بناتی ہیں۔
خاص طور پر غروب آفتاب کے وقت ہیمر ہیڈ کا منظر انتہائی دلکش دکھائی دیتا ہے۔ سمندر سے آنے والی ٹھنڈی ہوائیں اور افق پر ڈوبتا سورج اس مقام کو فوٹوگرافی اور سیاحت کے لیے خاص بنا دیتے ہیں۔
گوادر کا یہ ہتھوڑے نما پہاڑ نہ صرف بلوچستان کے ساحلی حسن کی ایک خوبصورت مثال ہے بلکہ پاکستان کے ان قدرتی مقامات میں شامل ہے جو اپنے منفرد جغرافیائی خدوخال کی وجہ سے خاص پہچان رکھتے ہیں۔