کیا آپ کا وائی فائی اچانک سست ہوگیا ہے؟ انٹرنیٹ بار بار رک رہا ہے، ویڈیوز چلتے ہوئے بفرنگ کر رہی ہیں یا ویب سائٹس کھلنے میں زیادہ وقت لے رہی ہیں ؟ ایسی صورت میں فوراً مہنگا انٹرنیٹ پلان خریدنے یا موجودہ پیکیج اپ گریڈ کرنے کی ضرورت نہیں۔
اکثر وائی فائی کی سست رفتار کی وجہ کوئی بڑی خرابی نہیں بلکہ راؤٹر کی غلط جگہ، کمزور سگنل، زیادہ ڈیوائسز کا منسلک ہونا یا پرانا سافٹ ویئر ہوسکتا ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ ان میں سے کئی مسائل گھر بیٹھے چند آسان اقدامات سے حل کیے جا سکتے ہیں۔
آج کے دور میں گھر کا انٹرنیٹ آن لائن کام، پڑھائی، ویڈیو کالز اور تفریح کے لیے انتہائی ضروری بن چکا ہے۔ اس لیے اگر وائی فائی کی رفتار کم ہوجائے تو روزمرہ کے کام بھی متاثر ہونے لگتے ہیں ، مہنگا پیکیج لینے سے پہلے یہ پانچ طریقے ضرور آزما کر دیکھیں۔
راؤٹر کو مناسب جگہ پر رکھیں
وائی فائی کی رفتار بہتر بنانے کے لیے سب سے پہلے راؤٹر کی جگہ دیکھیں ، اگر راؤٹر فرش پر، کسی الماری کے اندر یا گھر کے کسی بند کونے میں رکھا ہے تو اس کے سگنلز کمزور ہوسکتے ہیں۔
راؤٹر کو گھر کے نسبتاً وسط میں کسی کھلی اور اونچی جگہ پر رکھنا بہتر ہے، اس طرح وائی فائی سگنلز زیادہ بہتر انداز میں پورے گھر میں پھیل سکتے ہیں ، راؤٹر کے اینٹینا کو بھی سیدھا رکھیں تاکہ وائرلیس کوریج بہتر رہے۔
2.4GHz یا 5GHz؟ صحیح بینڈ کا انتخاب کریں
زیادہ تر جدید راؤٹرز میں 2.4GHz اور 5GHz دونوں وائی فائی بینڈ موجود ہوتے ہیں۔ دونوں کے اپنے فائدے ہیں۔
2.4GHz بینڈ زیادہ فاصلے تک سگنل فراہم کرتا ہے، لیکن اس کی رفتار نسبتاً کم ہوتی ہے۔ اس کے مقابلے میں 5GHz بینڈ کی رینج کم ہوتی ہے، تاہم یہ زیادہ تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ایک ہفتے میں 5 کلو وزن کم ہونے کا دعویٰ ! 4 منٹ کی جاپانی ورزش انٹرنیٹ پر وائرل
لہٰذا اگر آپ راؤٹر کے قریب موجود ہیں تو 5GHz بینڈ استعمال کرنا زیادہ بہتر رہتا ہے۔
وائی فائی چینل تبدیل کرکے دیکھیں
اگر آپ کے اردگرد بہت سے وائی فائی نیٹ ورک موجود ہیں تو ان کے سگنلز ایک دوسرے میں مداخلت کرسکتے ہیں، یہ مسئلہ خاص طور پر 2.4GHz بینڈ میں زیادہ سامنے آسکتا ہے۔
ایسی صورت میں راؤٹر کی سیٹنگز میں جاکر وائی فائی چینل تبدیل کرکے دیکھیں۔ اگر چینل کا آپشن موجود ہو تو اسے آٹو کے بجائے مینوئل کیا جاسکتا ہے اور چینل 1، 6 یا 11 منتخب کیا جاسکتا ہے ، اس تبدیلی سے اردگرد موجود دوسرے وائی فائی نیٹ ورکس کی مداخلت کم ہوسکتی ہے اور کنکشن زیادہ مستحکم ہوسکتا ہے۔
راؤٹر کو ری اسٹارٹ کرنا بھی فائدہ مند
بعض اوقات راؤٹر مسلسل چلنے کی وجہ سے عارضی تکنیکی مسائل کا شکار ہوسکتا ہے ، ایسے میں اسے ری اسٹارٹ کرنے سے مسئلہ حل ہوسکتا ہے ، ضرورت محسوس ہونے پر راؤٹر کو مکمل طور پر بند کرکے چند منٹ کے لیے چھوڑ دیں اور پھر دوبارہ آن کریں۔ اس سے بعض عارضی مسائل دور ہوسکتے ہیں اور راؤٹر کی کارکردگی بہتر ہوسکتی ہے۔
راؤٹر کو لازمی طور پر ہر ہفتے بند کرنا ضروری نہیں، ضرورت کے وقت ری اسٹارٹ کرنا کافی ہوسکتا ہے۔
فرم ویئر اپ ڈیٹ اور غیر ضروری ڈیوائسز چیک کریں
وائی فائی کی کارکردگی بہتر رکھنے کے لیے راؤٹر کا فرم ویئر بھی اپ ڈیٹ رکھنا ضروری ہے ، راؤٹر بنانے والی کمپنیاں وقتاً فوقتاً ایسی اپ ڈیٹس جاری کرتی ہیں جن میں سیکیورٹی اور کارکردگی میں بہتری شامل ہوسکتی ہے۔
اپنے راؤٹر کے ایڈمن پینل میں جاکر دیکھیں کہ کوئی نئی فرم ویئر یا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ دستیاب ہے یا نہیں۔
اس کے ساتھ اپنے وائی فائی نیٹ ورک سے منسلک ڈیوائسز بھی چیک کریں۔ جو ڈیوائسز اب استعمال نہیں ہو رہیں، انہیں نیٹ ورک سے ہٹا دیں۔ غیر ضروری ڈیوائسز اور پس منظر میں جاری ڈاؤن لوڈنگز اضافی بینڈوتھ استعمال کرسکتی ہیں، جس سے انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہوسکتی ہے۔
پھر بھی رفتار کم ہے تو کیا کریں؟
اگر ان تمام اقدامات کے باوجود انٹرنیٹ کی رفتار مسلسل کم رہتی ہے تو ممکن ہے مسئلہ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی، لائن یا آپ کے موجودہ پیکیج سے متعلق ہو ، ایسی صورت میں پہلے اسپیڈ ٹیسٹ کریں اور نتیجہ دیکھیں۔ اگر رفتار آپ کے پیکیج کے مطابق نہیں آرہی تو اپنے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے سے رابطہ کریں۔
یوں مہنگا پیکیج لینے سے پہلے چند بنیادی چیزیں چیک کرکے ممکنہ طور پر وائی فائی کی رفتار اور کنکشن میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔
