ہالی وڈ کے سابق طاقتور پروڈیوسر ہاروی وائن اسٹائن کو 15 سال قید

ہالی وڈ کے سابق طاقتور پروڈیوسر ہاروی وائن اسٹائن کو 15 سال قید

نیویارک کی عدالت نے سابق ہالی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائن اسٹائن کو 2006 میں سابق ٹی وی پروڈکشن اسسٹنٹ مریم ہیلی سے جنسی زیادتی کے جرم میں 15 سال قید کی سزا سنادی۔

74 سالہ ہاروی وائن اسٹائن کو دوبارہ ٹرائل کے بعد گزشتہ سال مریم ہیلی سے متعلق جنسی جرم میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔ اس کے بعد بدھ، 23 ستمبر کو مین ہٹن کی عدالت میں جج کرٹس فاربر نے انہیں سزا سنائی۔

عدالت میں سزا سنانے سے قبل جج کرٹس فاربر نے ہاروی وائن اسٹائن کے ماضی اور ہالی وڈ میں ان کے اثر و رسوخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی فلمی کامیابیاں ان کے کیے گئے جرم کے مقابلے میں بہت پیچھے رہ جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:وویک اوبرائے بھی کترینہ کیف کے وزن پر تنقید کے خلاف بول پڑے

ہاروی وائن اسٹائن نے عدالت میں مریم ہیلی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا، تاہم انہوں نے اپنی بے گناہی برقرار رکھی اور کہا کہ وہ سزا کے خلاف اپیل کریں گے۔

پہلے بھی 23 سال قید کی سزا ہوچکی تھی

ہاروی وائن اسٹائن کو 2020 میں نیویارک میں جنسی زیادتی کے مقدمے میں 23 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم 2024 میں نیویارک کی اعلیٰ ترین عدالت نے اس سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے نئے ٹرائل کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:مداح نے عاطف اسلم پر موبائل پھینک دیا، گلوکار کا دلچسپ ردعمل

عدالت کے مطابق پہلے مقدمے میں ایسی خواتین کی گواہی بھی شامل کی گئی تھی جن کے الزامات براہ راست اس مقدمے کا حصہ نہیں تھے، جسے عدالت نے ٹرائل کے لیے متعصبانہ قرار دیا۔اس کے بعد وائن اسٹائن کے خلاف دوبارہ مقدمہ چلایا گیا اور انہیں مریم ہیلی سے متعلق جنسی جرم میں ایک بار پھر مجرم قرار دیا گیا۔

ہاروی وائن اسٹائن کیس اور ’می ٹو‘ تحریک

ہاروی وائن اسٹائن کے خلاف 2017 میں جنسی بدسلوکی اور ہراسانی کے الزامات منظر عام پر آنے کے بعد دنیا بھر میں ایک بڑی بحث شروع ہوئی۔ان الزامات کے سامنے آنے کے بعد ’می ٹو‘ تحریک کو عالمی سطح پر نمایاں فروغ ملا، جس کے تحت متعدد خواتین نے بااثر افراد کی جانب سے مبینہ جنسی ہراسانی اور بدسلوکی کے اپنے تجربات بیان کیے۔

وائن اسٹائن پر الزام لگانے والی خواتین میں ہالی وڈ کی معروف اداکارائیں بھی شامل تھیں۔ الزامات سامنے آنے کے بعد وائن اسٹائن کو ان کی فلم پروڈکشن کمپنی سے نکال دیا گیا جبکہ فلمی صنعت میں ان کا اثر و رسوخ بھی تقریباً ختم ہوگیا۔

قانونی معاملات ابھی ختم نہیں ہوئے

نیویارک کے مقدمے میں 15 سال قید کی سزا کے باوجود ہاروی وائن اسٹائن کے قانونی معاملات مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے۔ وہ کیلیفورنیا کے ایک الگ مقدمے میں بھی سزا کا سامنا کر رہے ہیں، جہاں انہیں 2013 میں ریپ کے مقدمے میں مجرم قرار دیا گیا تھا اور اب وہاں دوبارہ سزا سنائے جانے کا مرحلہ باقی ہے۔

editor

Related Articles