ایران، امریکا کشیدگی میں کمی کی امید، عالمی منڈی میں خام تیل سستا

ایران، امریکا کشیدگی میں کمی کی امید، عالمی منڈی میں خام تیل سستا

ایران امریکا کشیدگی میں کمی کی امید کے پیش نظر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل قیمتوں میں تقریباً 4 فیصد اضافے کے بعد ایران کی جانب سے امریکا کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے سفارت کاری کا راستہ کھلا رکھنے کے بیان نے سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرلی۔

ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں ممکنہ کمی کی امید کے باعث عالمی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں نے تیل کی قیمتوں پر نظر رکھی جبکہ دوسری جانب امریکی ڈیزل برآمدات سے متعلق ممکنہ پابندیوں کی اطلاعات بھی مارکیٹ میں زیرِ بحث رہیں۔

برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمتیں

برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 94 سینٹ، یعنی 0.9 فیصد کمی کے بعد 102.1 ڈالر فی بیرل پر آ گئے۔

اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت 59 سینٹ، یعنی 0.7 فیصد کمی کے بعد 91.32 ڈالر فی بیرل رہی۔

دوسری جانب اماراتی مربن خام تیل کی قیمت میں 4.06 فیصد اضافہ ہوا اور اس کی 113 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈنگ جاری ہے۔

ڈیزل برآمدات پر ممکنہ پابندی کی اطلاعات

عالمی تاجر امریکا کی جانب سے ڈیزل کی برآمدات پر ممکنہ پابندیوں کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ الٹرا لو سلفر ڈیزل کے مستقبل کے سودوں میں تقریباً 5 فیصد کمی ہوئی۔

’پولیٹیکو‘ نے رپورٹ کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ 90 روزہ ڈیزل برآمدی پابندی کے منصوبے پر غور کر رہی ہے، تاہم وائٹ ہاؤس نے اس رپورٹ کی تردید کردی۔

یہ بھی پڑھیں :سعودی عرب کی جانب سے بڑی پیشکش، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گر گئیں

بعد ازاں بلومبرگ نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے منگل کی رات تیل کی صنعت کے رہنماؤں سے رابطوں کے دوران ممکنہ ڈیزل برآمدی پابندیوں کے لیے تیار رہنے کو کہا۔

ڈیزل پابندی سے متعلق مختلف مؤقف

کرس رائٹ اس سے قبل بدھ کو کہہ چکے تھے کہ ڈیزل کی برآمدات پر پابندی مؤثر ثابت نہیں ہوگی، اگرچہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کی حمایت کا عندیہ دیا تھا۔

تجزیہ کاروں اور مارکیٹ پر نظر رکھنے والوں کے مطابق ایسی پابندی سے توانائی کی بلند قیمتوں میں خاطر خواہ کمی آنے کے بجائے عالمی سطح پر ایندھن کی رسد متاثر ہونے اور معیشتوں میں مزید خلل پڑنے کا خدشہ ہے۔

امریکا میں خام تیل کے ذخائرمیں اضافہ

ادھر امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن (EIA) کے مطابق گزشتہ ہفتے امریکا میں خام تیل کے ذخائر 30 لاکھ بیرل بڑھ کر 426.4 ملین بیرل ہوگئے۔

رائٹرز کے سروے میں تجزیہ کاروں نے ذخائر میں 641 ہزار بیرل کمی کی توقع ظاہر کی تھی، تاہم اس کے برعکس ذخائر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

editor

Related Articles