پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد کا کارنامہ ، پہلی بار آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بولرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
آئی سی سی رینکنگ کے مطابق ابرار احمد نے افغانستان کے اسٹار اسپنر راشد خان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی 20 بولرز کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ، راشد خان ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر چلے گئے، جو گزشتہ چھ ماہ سے ٹاپ پوزیشن پر موجود تھے۔
ابرار احمد ٹی 20 بولنگ رینکنگ میں نمبر ون بننے والے پاکستان کے پانچویں بولر ہیں ، ان سے قبل عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اور شاہد آفریدی بھی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے 10 ٹیسٹ، 19 ون ڈے اور 38 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے ابرار اب تک 133 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
کراچی میں پیدا ہونے والے اس رائٹ آرم ‘مسٹری اسپنر’ نے رواں سال پاکستان کی جانب سے نو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے اور 15 وکٹیں حاصل کی ہیں ، ان میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر کھیلی گئی تین میچوں کی سیریز کی چھ وکٹیں بھی شامل ہیں، جسے پاکستان نے جنوری اور فروری میں 0-3 سے جیتا تھا۔
ابرار نے اپنی کامیابی پر کیا کہا ؟
ابرار احمد نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی کرکٹ کھیلنا شروع کرتا ہے تو اس کا پہلا خواب پاکستان کی نمائندگی کرنا ہوتا ہے اور یہ خواب پورا ہونے کے بعد دنیا کا نمبر ون کھلاڑی بننا اگلی خواہش ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دنیا کے نمبر ون بولر بننے پر انہیں بہت فخر ہے اور وہ مزید کامیابیاں حاصل کرنے اور پاکستان کو مزید میچز جتوانے کے لیے سخت محنت جاری رکھیں گے۔
ابرار احمد کے مطابق اپنی کارکردگی میں تسلسل لانا بھی ان کی محنت کا اہم مرکز رہا ہے۔
محمد رضوان کی ابرار احمد کی تعریف
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر و بیٹر محمد رضوان نے ابرار احمد کے ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون بولر بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں محمد رضوان نے کہا کہ مجھے آج بھی وہ دن یاد ہے جب ابرار احمد دنیا کے نمبر ون بولر بننے کی بات کرتے تھے، جب وہ مجھ سے بات کرتے تھے تب وہ اس کے قریب بھی نہیں تھے۔
محمد رضوان نے کہا کہ آج وہ باضابطہ دنیا کے نمبر ون ٹی20 بولر ہیں، میں نے ان کی محنت اور اس سفر کے پیچھے ان کا یقین دیکھا ہے، ابرار احمد نے کبھی محنت نہیں چھوڑی، ابرار احمد مجھے آپ پر فخر ہے، آپ نے ایک خواب دیکھا اس کے لیے کام کیا اور وہ کمایا، الحمد اللہ۔
ون ڈے اور ٹی 20 آل راونڈرز رینکنگ میں بھی پاکستانی کھلاڑی نمایاں
ٹی 20 آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں پاکستان کے صائم ایوب دوسری پوزیشن پر برقرار ہیں ، پاکستان کے محمد نواز آل راؤنڈرز کی فہرست میں 11ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
اس طرح آئی سی سی رینکنگ میں ابرار احمد نے ٹی 20 بولنگ میں پہلی اور ون ڈے بولنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے نمایاں مقام بنایا ہے جبکہ صاحبزادہ فرحان ٹی 20 بیٹنگ میں تیسرے اور صائم ایوب آل راؤنڈرز میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔