وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و ترقیِ انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان افرادی قوت، روزگار کے نئے مواقع، پیشہ ورانہ تربیت اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و ترقیِ انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل خانے کا دورہ کیا، جہاں قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات، افرادی قوت کی فراہمی، پاکستانی شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات انتہائی مثالی اور دیرینہ ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون موجود ہے اور افرادی قوت اور روزگار کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی گنجائش موجود ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستانی افرادی قوت بڑی تعداد میں متحدہ عرب امارات میں خدمات انجام دے رہی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے، ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور پیشہ ورانہ تربیت کے لیے مسلسل کام جاری ہے۔
ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستانی نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے تاکہ انہیں متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک میں روزگار کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔
اماراتی قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے ملاقات کو خوشگوار اور مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے عرصے میں دونوں ممالک کے تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون میں مزید مثبت پیش رفت ہوگی۔
ملاقات کے دوران پاکستانی شہریوں کے لیے روزگار اور افرادی قوت سے متعلق معاملات، پیشہ ورانہ تربیت اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے متحدہ عرب امارات کے قونصلیٹ اور ویزا سینٹر کا دورہ بھی کیا، جہاں متعلقہ حکام نے انہیں ویزا پراسیسنگ کے طریقہ کار اور درخواست گزاروں کو فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
حکام نے وفاقی وزیر کو ویزا درخواستوں کی وصولی، پراسیسنگ اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق امور سے بھی آگاہ کیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان افرادی قوت اور روزگار کے شعبے میں تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور پاکستانی شہریوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے باہمی رابطے اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔