سڑکیں بند بھی ہوئیں تو پٹرول کی فراہمی نہیں رکے گی، حکومت نے بڑا انتظام کرلیا

سڑکیں بند بھی ہوئیں تو پٹرول کی فراہمی نہیں رکے گی، حکومت نے بڑا انتظام کرلیا

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال یا سڑکوں کی بندش کے باوجود ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ اہم ڈپوؤں پر اضافی ایندھن کا ذخیرہ بھی پہلے سے فراہم کردیا گیا ہے۔

وزیر پٹرولیم کی زیر صدارت وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم کے تحت ادائیگیوں اور ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس ہوا جس میں سپلائی چین ایندھن کی ترسیل ریلوے کے ذریعے نقل و حمل اور ممکنہ لاجسٹک رکاوٹوں سے نمٹنے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پاکستان ریلوے اوگرا آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل آئل مارکیٹنگ کمپنیوں پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کسی بھی ممکنہ احتجاج سڑکوں کی بندش یا امن و امان کی صورتحال سے پہلے ہی ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں تاکہ پٹرول، ڈیزل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل متاثر نہ ہو اور عوام کو ایندھن کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اجلاس میں پاکستان اسٹیٹ آئل کو خصوصی ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے ڈپوؤں پر پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر یقینی بنائے۔ پی ایس او حکام نے بتایا کہ ممکنہ سپلائی میں تعطل کے پیش نظر اہم ڈپوؤں پر اضافی ذخائر پہلے ہی پہنچا دیے گئے ہیں تاکہ ملک بھر میں ایندھن کی فراہمی مسلسل جاری رکھی جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں:11 ماہ بعد بڑا فیصلہ، نیپرا نے بجلی صارفین کے دل جیت لیے

پاکستان ریلوے کے ایڈیشنل سیکریٹری نے اجلاس کو بتایا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ترسیل کے لیے ٹرین کی بوگیوں کی زیادہ سے زیادہ دستیابی یقینی بنائی جائے گی، تاکہ سڑکوں کے ذریعے ترسیل متاثر ہونے کی صورت میں ریلوے کے ذریعے سپلائی برقرار رکھی جاسکے۔

اوگرا نے اجلاس کو بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کی نگرانی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کے لیے خصوصی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔ کنٹرول روم کے ذریعے ملک بھر کے ریٹیل آؤٹ لیٹس پر ایندھن کی دستیابی کی صورتحال پر نظر رکھی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے اٹک ریفائنری لمیٹڈ کے لیے خام تیل کی بلا تعطل فراہمی اور تیار مصنوعات کی ترسیل کے انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ممکنہ لاجسٹک رکاوٹ کے باعث ریفائنری کی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

اجلاس میں وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم کے تحت پٹرول پمپس کو ادائیگیوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ ملک بھر میں تقریباً 10 ہزار سے زائد پٹرول پمپس میں سے جمعرات تک 8 ہزار 500 سے زائد پٹرول پمپس کو ادائیگیاں کی جاچکی ہیں جبکہ باقی پٹرول پمپس کو بھی ادائیگیوں کا عمل جاری ہے۔

وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اکاؤنٹ نمبرز میں عدم مطابقت سمیت ادائیگیوں میں حائل معمولی نوعیت کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں تاکہ باقی ماندہ پٹرول پمپس کو بھی بلا تاخیر رقم منتقل کی جاسکے۔

اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ فیول ریلیف اسکیم کے تحت اہل صارفین کو ریلیف فراہم نہ کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف اوگرا کارروائی کرے گا۔ وفاقی وزیر نے اوگرا کو ایسے پٹرول پمپس کی نگرانی اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی ہدایت کی۔

پٹرولیم ڈیلرز کی نمائندہ تنظیموں نے حکومت کو اسکیم پر عملدرآمد میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے کہا کہ اسکیم کامیابی سے جاری ہے اور ڈیلرز حکومت کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔

آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں ہمایوں خان اور نعمان بٹ نے بھی حکومت کی جانب سے پٹرول پمپ مالکان کو اعتماد میں لینے کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسکیم کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

او سی اے سی کے چیئرمین نوید تنویر عباسی نے بھی اسکیم کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اہم اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی کامیابی سے تکمیل کے لیے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

حکام کے مطابق اضافی ذخائر ریلوے کے ذریعے متبادل ترسیل خصوصی کنٹرول روم اور پٹرول پمپس کو بروقت ادائیگیوں کے اقدامات کا مقصد کسی بھی ممکنہ احتجاج یا سڑکوں کی بندش کے دوران ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو متاثر ہونے سے بچانا ہے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles