صوبائی دارالحکومت پشاور میں پولیس کی بڑی کارروائی ، پی ٹی آئی کی ممکنہ لانگ مارچ کیلئے لے جانے والی غلیلوں کی کھیپ پکڑی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق 23 ستمبر کو پشاور میں لانگ مارچ کیلئے جانے والی غلیلوں سے بھری گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گاڑی میں موجود احتجاجی سامان نذرِ آتش کر کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جبکہ گاڑی قبضے میں لے لی گئی۔
غلیلوں سے بھری گاڑی کا سامان لانگ مارچ کے لیے لے جایا جا رہا تھا تاکہ امن وامان کی صورتحال خراب کی جائے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہروں کے دوران ماضی میں بھی پرتشدد واقعات، توڑ پھوڑ اور امن و امان کی صورتحال پیدا ہونے کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں اور اب بھی اس طرح کے سامان کا پکڑا جانا کسی بڑے تصادم کا سبب بن سکتاتھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پشاور میں لانگ مارچ کے لیے غلیلیں خریدنے اور غلیلوں کے استعمال کا یہ منصوبہ ایک بار پہلے نومبر 2022 میں بھی سامنے آیا تھا جب پی ٹی آئی کے سابق ناظم ارباب عاصم کی غلیلیں خریدتے ہوئے تصاویر سامنے آئی تھیں۔
ادھر حکام کی جانب سے ممکنہ احتجاج کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں ممکنہ دھرنے اور لانگ مارچ کی کال کے پیش نظر پنجاب پولیس نے سیکیورٹی کے بڑے پیمانے پر انتظامات شروع کردیئے ہیں۔
ممکنہ احتجاجی قافلوں کی اسلام آباد آمد کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کی جانب آنے والے اہم راستوں پر سیکیورٹی انتظامات سخت کیے گئے ہیں، جبکہ موٹروے کے مختلف مقامات پر ٹریفک کی روانی روکنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔