ایشین گیمز : کوئی دباؤ نہیں، گولڈ میڈل ہدف، تمام میچز یکساں اہم ہیں : کپتان صاحبزادہ فرحان

ایشین گیمز : کوئی دباؤ نہیں، گولڈ میڈل ہدف، تمام میچز یکساں اہم ہیں : کپتان صاحبزادہ فرحان

ایشین گیمز میں پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کرنے والے صاحبزادہ فرحان  نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہدف گولڈ میڈل جیتنا ہے اور تمام میچز اہم ہیں، کوشش ہوگی کہ ہر مقابلہ جیتا جائے۔

ایشین گیمز 2026 میں شرکت کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کپتان صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں جاپان روانہ ہوگئی۔

21 رکنی قومی دستہ کراچی سے براستہ دبئی جاپان کیلئے روانہ ہوا، جہاں قومی کھلاڑی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہیں۔

روانگی سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں چار روزہ تربیتی کیمپ مکمل کیا گیا، جس کے آخری روز کیریبین لیگ میں مصروف پانچ اہم کھلاڑی عثمان خان، صائم ایوب، معاذ صداقت، حسن نواز اور سفیان مقیم بھی اسکواڈ سے آ ملے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ایشین گیمز میں پاکستان کا ہدف گولڈ میڈل جیتنا ہے، تمام میچز اہم ہیں اور کوشش ہوگی کہ ہر مقابلہ جیتا جائے ،  جاپان کی کنڈیشنز پاکستان سے مختلف ہیں، تاہم ٹیم نے انہی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں تیاری کی ہے ،  موسم اور کنڈیشنز ہمارے ہاتھ میں نہیں، لیکن بطور کھلاڑی ہر صورتحال کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:ابرار احمد نے راشد خان کو پیچھے چھوڑ دیا، ٹی20 کے نمبر ون بولر بن گئے

صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ٹیم میں نئے کھلاڑی ضرور ہیں لیکن سب کے پاس بین الاقوامی کرکٹ کا تجربہ ہے، جبکہ حیدر علی بھی بھرپور فارم میں نظر آرہے ہیں۔

قومی کپتان کا کہنا تھا کہ گولڈ میڈل جیتنا ہے تو ٹاپ ٹیموں کو شکست دینا ہوگی، اس لیے ٹیم کی توجہ کسی ایک میچ پر نہیں بلکہ پورے ٹورنامنٹ پر ہے۔ بھارت کے خلاف ممکنہ مقابلے سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس میچ کے لیے بھی تیار ہیں، تاہم تمام میچز اہم ہیں۔

صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ کپتانی ان کے اور ان کے خاندان کے لیے اعزاز کی بات ہے، تاہم کپتان ہوں یا کھلاڑی، ان پر کوئی اضافی دباؤ نہیں ہوگا اور وہ اپنے فطری انداز میں کھیلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو ٹیم کے مفاد میں کھیلنے اور پاکستان کو کامیابیاں دلانے پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ جاپان کے شہر آئیچی-ناگویا میں 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک جاری ایشین گیمز میں مردوں کے کرکٹ مقابلوں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے ، ابتدائی راؤنڈ میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں سے 4 کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی ، پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 28 ستمبر کو کوارٹر فائنل مرحلے سے کرے گی ، جبکہ ایشین گیمز کرکٹ کے سیمی فائنلز یکم اکتوبر اور میڈل میچز 3 اکتوبر کو ہوں گے۔

editor

Related Articles