20ویں ایشین گیمز کے مینز ہاکی ایونٹ میں پاکستان نے چین کو شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی اپنے نام کرلی۔
جاپان میں جاری مینز ہاکی کے پول بی کے میچ میں پاکستان اور چین کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں، جہاں قومی ٹیم نے ابتدا سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا۔مقابلے کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، تاہم دوسرے کوارٹر میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف چند منٹوں میں 3 گول داغ دیے۔
پاکستان کی جانب سے پہلا گول 19ویں منٹ میں کپتان ابوبکر محمود نے کیا۔اس کے بعد 24ویں منٹ میں سفیان خان نے پینلٹی کارنر پر گیند کو جال میں پہنچا کر پاکستان کی برتری دگنی کردی۔
28ویں منٹ میں حنان شاہد نے شاندار فیلڈ گول اسکور کیا، جس کے بعد پاکستان کی برتری 0،3 ہوگئی۔میچ کے باقی حصے میں چین کی ٹیم کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور یوں پاکستان نے چین کو 0،3 سے شکست دے کر ایشین گیمز میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان نے پول بی میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔