شہباز شریف لندن پہنچیں گے، دو سے تین روز قیام کے دوران کیا کریں گے؟

شہباز شریف لندن پہنچیں گے، دو سے تین روز قیام کے دوران کیا کریں گے؟

وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت اور خطاب کے بعد لندن روانہ ہوں گے جہاں ان کے دو سے تین روز قیام کا امکان ہے وزیراعظم 26 ستمبر کی صبح تقریباً 7 بجے لندن کے لوٹن ایئرپورٹ پہنچیں گے۔

نیویارک میں قیام کے دوران وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی علاقائی اور عالمی صورتحال سے متعلق پالیسی مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں عالمی امن، تنازعات کے سفارتی حل، مشرق وسطیٰ کی صورتحال، فلسطین، کشمیر دہشت گردی موسمیاتی تبدیلی اور عالمی معاشی نظام سمیت متعدد اہم معاملات پر پاکستان کا مؤقف بیان کیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن کے حوالے سے کشمیر کے مسئلے کو بھی اجاگر کیا اور پاکستان کے مؤقف کو عالمی فورم کے سامنے پیش کیا۔

وزیراعظم نے اپنی تقریر میں خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں آبنائے ہرمز اور باب المندب کی اہمیت پر بھی بات کی اور انہیں عالمی معیشت کی اہم گزرگاہیں قرار دیتے ہوئے ان راستوں کو کھلا رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کی قیمتیں آسمان پر لیکن ایل این جی سستی ہوگئی،عوام کو بڑا ریلیف مل گیا

وزیراعظم کی لندن روانگی کے حوالے سے دستیاب اطلاعات کے مطابق لندن میں ان کے مختصر قیام کا مقصد نجی مصروفیات کے ساتھ طبی معائنہ بھی بتایا گیا ہے قیام کے دوران ان کا طبی چیک اپ متوقع ہے تاہم طبی معائنے سے متعلق مزید تفصیلات سرکاری طور پر سامنے آنے کی صورت میں ہی واضح ہوں گی۔

لندن میں دو سے تین روز قیام کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی 27 یا 28 ستمبر کو پاکستان واپسی متوقع ہے اس حوالے سے حتمی شیڈول میں سفری اور دیگر مصروفیات کے مطابق تبدیلی بھی ممکن ہے۔

وزیراعظم کا یہ دورہ ایسے وقت میں مکمل ہورہا ہے جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مشرق وسطیٰ، عالمی سلامتی، فلسطین علاقائی تنازعات اور سفارتی کوششیں اہم موضوعات بنے ہوئے ہیں۔ پاکستان نے اس اجلاس کے دوران مکالمے، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل پر اپنے مؤقف کو نمایاں کیا ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles