ایپل کے نئے آئی فون 18 پرو اوآئی فون 18 پرو میکس میں سافٹ ویئر کی ایک اہم خرابی سامنے آنے کے بعد کمپنی نے اس مسئلے کے حل پر کام شروع کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خرابی آئی فون 18 پرو اور پرو میکس کی فروخت شروع ہونے کے فوراً بعد صارفین کے سامنے آئی، جس کے بعد متعدد صارفین نے فون کے اچانک فریز ہونے کی شکایات کیں۔
مسئلہ اس وقت پیش آتا ہے جب صارف فیس آئی ڈی کے ذریعے آئی فون ان لاک کرنے کی کوشش کرتا ہے اور یہ عمل ناکام ہو جاتا ہے۔ ایسی صورت میں فون چند سیکنڈ کے لیے مکمل طور پر فریز ہو جاتا ہے اور ٹچ اسکرین بھی کام کرنا بند کر دیتی ہے۔ اس کے بعد ڈیوائس خود بخود بند ہو کر دوبارہ ری اسٹارٹ ہو جاتی ہے۔ ایپل نے اس سافٹ ویئر خرابی کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے دور کرنے کے لیے کام جاری ہے۔
آئی او ایس 27 اپ ڈیٹ میں مسئلہ حل ہونے کی توقع
کمپنی کے مطابق اس خرابی کو آئندہ آئی ایس او27 سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے ذریعے حل کیا جائے گا۔ ایپل نے فی الحال یہ واضح نہیں کیا کہ فیس آئی ڈیکی ناکامی کے بعد فون فریز اور ری اسٹارٹ ہونے کی اصل تکنیکی وجہ کیا ہے۔
تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ تمام صارفین کو متاثر نہیں کر رہا بلکہ بعض ڈیوائسز میں سامنے آ رہا ہے۔نئی اپ ڈیٹ جاری ہونے کے بعد متاثرہ صارفین کو امید ہے کہ فیس آئی ڈی سے متعلق اس خرابی کے باعث فون کے اچانک فریز ہونے اور ری اسٹارٹ ہونے کا مسئلہ ختم ہو جائے گا۔