واٹس ایپ نے آئی فون صارفین کے لیے تھرڈ پارٹی اے آئی ایجنٹس کے ساتھ براہ راست چیٹ کی سہولت متعارف کرانا شروع کر دی ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین واٹس ایپ چھوڑے بغیر ایپ کی سیٹنگز سے کسی تھرڈ پارٹی ایجنٹ کو اپنے اکاؤنٹ سے منسلک کرکے اس کے ساتھ چیٹ کر سکیں گے۔ یہ سہولت اس سے قبل اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرائی گئی تھی، جبکہ اب اسے آئی فون پر بھی محدود پیمانے پر آزمایا جا رہا ہے۔
ایک اکاؤنٹ سے 5 اے آئی ایجنٹس منسلک ہوں گے
نئے فیچر کے تحت ایک واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ 5 اے آئی ایجنٹس منسلک کیے جا سکیں گے۔ صارف ہر ایجنٹ کے لیے اپنی پسند کا نام اور پروفائل تصویر منتخب کرسکتا ہے، جس کے بعد وہ عام واٹس ایپ چیٹ کی طرح چیٹ لسٹ میں نظر آئے گا۔ ایجنٹ کو واٹس ایپ سے منسلک کرنے کے لیے صارف کو ایک اے پی آئی کی بھی فراہم کی جائے گی۔
ایجنٹ بنانے کے بعد واٹس ایپ صارف کو ایک اے پی آئی کی فراہم کرے گا۔ صارف اسے کاپی کرکے اس تھرڈ پارٹی سروس پر استعمال کرسکتا ہے جہاں اس کا ایجنٹ ہوسٹ کیا گیا ہو۔ یہ کی ایجنٹ کو واٹس ایپ سے منسلک کرنے کے لیے ضروری ہوگی۔ صارف جب چاہے اپنی پرانی کی ’Key ُ‘ری سیٹ کرکے نئی کی بھی حاصل کرسکتا ہے۔ واٹس ایپ کے مطابق صارفین کو اپنی اے پی آئی کی کسی دوسرے شخص کے ساتھ شیئر نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ اس کے ذریعے ایجنٹ کو واٹس ایپ چیٹ سے منسلک کیا جاسکتا ہے۔
اے آئی ایجنٹ آپ کی تمام چیٹس نہیں پڑھ سکے گا
اس فیچر میں پرائیویسی کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ تھرڈ پارٹی ایجنٹ کو صارف کی تمام واٹس ایپ چیٹس، کانٹیکٹس یا فون میں موجود میڈیا تک رسائی حاصل نہیں ہوگی۔ایجنٹ صرف وہی پیغامات پڑھ سکے گا جو صارف خود اس کے ساتھ چیٹ میں شیئر کرے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ صارف اپنی مرضی سے طے کرسکتا ہے کہ ایجنٹ کو کون سی معلومات فراہم کرنی ہیں۔
تھرڈ پارٹی ایجنٹس کی چیٹس اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ نہیں
تاہم اس فیچر کے ساتھ ایک اہم فرق بھی موجود ہے۔ عام واٹس ایپ چیٹس کے برعکس تھرڈ پارٹی ایجنٹس کے ساتھ ہونے والی گفتگو اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ نہیں ہوگی۔ واٹس ایپ کے مطابق ایجنٹ کو بھیجے گئے پیغامات ایک محفوظ میٹا سروس کے ذریعے منتقل کیے جاتے ہیں، جو ایجنٹ کے ڈویلپر کی جانب سے پیغامات کی ترسیل کا انتظام کرتی ہے۔
چونکہ ایجنٹ ڈویلپر ان پیغامات تک رسائی حاصل کرسکتا ہے، اس لیے واٹس ایپ انہیں اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ چیٹس نہیں سمجھتا۔ البتہ واٹس ایپ پر صارفین کے درمیان ہونے والی عام ذاتی چیٹس اور کالز بدستور اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ رہتی ہیں۔
ایجنٹ لازمی طور پر اے آئی نہیں ہوگا
اس فیچر کا ایک دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ تھرڈ پارٹی ایجنٹ کا اے آئی ہونا ضروری نہیں۔ یہ ایک عام بوٹ بھی ہوسکتا ہے جو کسی مخصوص کام کے لیے تیار کیا گیا ہو۔
آئی فون پر ایجنٹ کیسے شامل کریں؟
صارفین واٹس ایپ کی سیٹنگز میں موجود متعلقہ آپشن کے ذریعے ایجنٹ شامل کرسکیں گے۔ اس عمل کے دوران واٹس ایپ ایک تعارفی اسکرین دکھائے گا، جہاں صارف کو بتایا جائے گا کہ تھرڈ پارٹی ایجنٹس کے ساتھ چیٹس کس طرح کام کرتی ہیں۔
اس کے بعد صارف ایجنٹ کا نام اور پروفائل تصویر منتخب کرکے اسے سیٹ اپ کرسکتا ہے۔ سیٹ اپ مکمل ہونے پر واٹس ایپ ایک نئی چیٹ تیار کرے گا اوراے پی آئی کی فراہم کرے گا۔
واٹس ایپ نے یہ فیچر فی الحال محدود پیمانے پر جاری کیا ہے۔ یہ منتخب ممالک میں بعض صارفین کو دستیاب ہے اور تازہ ترین ٹیسٹ فلائٹ اپ ڈیٹ استعمال کرنے والے کچھ آئی فون صارفین اسے آزما سکتے ہیں۔ کمپنی فیچر کو بتدریج مزید صارفین تک پہنچا رہی ہے، تاہم تمام صارفین کے لیے اس کی دستیابی میں ابھی وقت لگ سکتا ہے۔