امریکی شہر کینساس سٹی میں موسم کی رپورٹنگ کے دوران لائیو ٹی وی نشریات میں ایسا دلچسپ واقعہ پیش آیا کہ نیوز اینکر کا لباس اسکرین سے ہی غائب ہوگیا۔
موسم کی رپورٹ پیش کرتے وقت اینکر نے سبز مائل نیلے رنگ کا لباس پہن رکھا تھا۔ جیسے ہی وہ گرین اسکرین کے سامنے آئیں، ان کا لباس پس منظر میں دکھائے جانے والے موسم کے نقشے میں ضم ہوگیا۔ اس دوران اسکرین پر اینکر کا صرف سر اور بازو دکھائی دے رہے تھے، جبکہ لباس کی جگہ موسم کا نقشہ نظر آنے لگا۔
اینکر بھی اپنی بات پر ہنس پڑیں
صورتحال دیکھ کر اینکر نے مزاحیہ انداز میں کہا، ’’یہ تو سبز نہیں، سبز مائل نیلا رنگ ہے۔‘‘ پروگرام میں موجود دیگر اینکرز بھی اس غیر متوقع صورتحال پر ہنستے رہے۔ واقعے کی ویڈیو بعد میں سوشل میڈیا پر شیئر ہوئی تو تیزی سے وائرل ہوگئی۔
گرین اسکرین ٹیکنالوجی میں ایک مخصوص رنگ کو پس منظر کے طور پر شناخت کرکے اس کی جگہ موسم کے نقشے، گرافکس یا کوئی دوسرا منظر دکھایا جاتا ہے۔ اینکر کے لباس میں موجود سبز رنگ کی آمیزش کے باعث ٹیکنالوجی نے لباس کے کچھ حصے کو بھی پس منظر سمجھ لیا اور اسے موسم کے نقشے کے ساتھ ملا دیا۔
یوں لائیو نشریات کے دوران چند لمحوں کے لیے ایسا منظر بن گیا جیسے اینکر کا لباس واقعی غائب ہوگیا ہو۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس دلچسپ تکنیکی غلطی کو لائیو ٹی وی کا ایک یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے ویڈیو کو بڑی تعداد میں شیئر کیا۔