برطانیہ میں ایک فائر فائٹر نے لاٹری میں 2 لاکھ پاؤنڈ جیتنے کے بعد سابقہ گرل فرینڈ کو دی گئی 40 ہزار پاؤنڈ کی رقم واپس لینے کے لیے چیٹ جی پی ٹی سے قانونی رہنمائی حاصل کی اور عدالت میں اپنا مقدمہ خود لڑ لیا۔
40 سالہ کریگ ٹِچنر نے نومبر 2019 میں ونٹر ونڈر لائنز لاٹری کے ایک اسکریچ کارڈ پر جیک پاٹ جیتا تھا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ 2022 میں کریگ نے اپنی اُس وقت کی گرل فرینڈ، 37 سالہ نفسیاتی نرس ہیدر ڈگلس کو 40 ہزار پاؤنڈ دیے تھے۔
دونوں کے درمیان مبینہ طور پر یہ اتفاق ہوا تھا کہ رقم پریمیم بانڈز میں سرمایہ کاری کی جائے گی اور اس سے حاصل ہونے والی رقم دونوں کے درمیان تقسیم کی جائے گی۔ تاہم تعلق ختم ہونے کے بعد ہیدر ڈگلس نے رقم واپس کرنے سے انکار کردیا۔ کریگ نے قانونی ماہرین سے رابطہ کیا لیکن ان کے مطابق وکلا کی فیس بہت زیادہ تھی۔
کریگ نے اس کے بعد چیٹ جی پی ٹی سے مدد لینے کا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق اے آئی چیٹ بوٹ نے انہیں مرحلہ وار رہنمائی دی کہ عدالت میں مقدمہ دائر کرنے کے لیے ضروری فارم کیسے مکمل کرنے ہیں۔
اس رہنمائی کی مدد سے انہوں نے سنٹرل لندن کاؤنٹی کورٹ میں اپنا مقدمہ خود پیش کیا۔ کریگ نے عدالت کے حوالے سے کہا کہ خود مقدمہ لڑنا ایک خطرہ تھا، لیکن ان کے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں تھا۔ ان کے مطابق اگر چیٹ جی پی ٹی مدد نہ کرتا تو شاید وہ یہ مقدمہ جیت نہ پاتے۔
دوسری جانب ہیدر ڈگلس نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ 40 ہزار پاؤنڈ انہیں تحفے کے طور پر دیے گئے تھے۔ تاہم عدالت کے مطابق وہ اس دعوے کو ثابت کرنے میں ناکام رہیں اور اپنے بینک اسٹیٹمنٹس بھی عدالت میں پیش نہیں کیے۔
عدالت نے گزشتہ ہفتے کریگ ٹِچنر کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔ ہیدر ڈگلس نے کریگ پر انہیں کنٹرول کرنے اور ہراساں کرنے کے الزامات بھی عائد کیے، تاہم مقدمے میں رقم سے متعلق عدالت کا فیصلہ کریگ کے حق میں رہا۔