نجی ٹی وی کے آنے والے ڈرامے ’محبت‘ کے ٹیزرز سوشل میڈیا پر جاری ہوتے ہی شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ ڈرامے میں عینہ آصف اور شاہویر کڈوانی مرکزی نوجوان جوڑی کے طور پر نظر آئیں گے، جبکہ ڈرامے میں فیروز خان بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
شاہویر کڈوانی کے کردار پر سوشل میڈیا ردعمل
شاہویر کڈوانی پروڈیوسر عبداللہ کڈوانی کے بیٹے ہیں اور ’محبت‘ میں متوازی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ نڈرامے کے ایک ٹیزر میں انہیں عینہ آصف کے ساتھ فلم ’عاشقی 2‘ کے ایک مقبول منظر کو دوبارہ پیش کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔ کچھ صارفین نے ان کی اسکرین پریزنس اور رومانوی ہیرو کے کردار پر تنقید کی، جبکہ بعض نے ان کی عمر اور کردار کی مناسبت پر بھی سوالات اٹھائے۔
ٹیزرز دیکھنے کے بعد بعض صارفین نے شاہویر کڈوانی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک صارف نے لکھا کہ وہ اسکول کے بچے جیسے دکھائی دیتے ہیں۔ ایک اور صارف نے انہیں ’سفارش کے ذریعے کام حاصل کرنے والا‘ قرار دیا، جبکہ ایک تبصرے میں کہا گیا کہ ان کے والد انہیں مسلسل مواقع دیتے رہیں گے یہاں تک کہ وہ ہیرو بن جائیں۔
یہ تبصرے سوشل میڈیا صارفین کی آرا ہیں اور ان سے ڈرامے یا اداکار کی کامیابی کے بارے میں حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا۔ ’محبت‘ کی مکمل کہانی اور عینہ آصف اور شاہویر کڈوانی کی جوڑی کو ناظرین کی جانب سے کیسا ردعمل ملتا ہے، یہ ڈرامے کی باقاعدہ نشریات شروع ہونے کے بعد ہی واضح ہوگا۔