مذاکرات کامیاب ہوں گے یا ڈیڈ لاک برقرار رہے گا؟ غریدہ فاروقی کے تہلکہ خیز انکشافات

مذاکرات کامیاب ہوں گے یا ڈیڈ لاک برقرار رہے گا؟ غریدہ فاروقی کے تہلکہ خیز انکشافات

سینئر اینکر پرسن اور تجزیہ کار غریدہ فاروقی نے کہا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات تاحال کامیاب نہیں ہوئے، تاہم یہ کہنا بھی قبل از وقت ہوگا کہ مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔

آزاد پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے غریدہ فاروقی نے کہا کہ ریاست کیا سوچ رہی ہے، اس کا اندازہ کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے سے لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ 9 مئی جیسے کسی بھی واقعے سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اعلامیے میں الفاظ کا چناؤ بہت واضح ہے اور یہ پیغام کس کے لیے ہے، یہ سب جانتے ہیں۔

غریدہ فاروقی کے مطابق آج ہونے والے مذاکرات میں محسن نقوی نے تحریک انصاف کی قیادت کے سامنے ’’چارج شیٹ‘‘ رکھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اس وقت مظلوم کارڈ کھیلنا چاہ رہی ہے۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں موجودہ حالات کی ذمہ داری تحریک انصاف پر عائد ہوتی ہے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا کے عوام نے تین مرتبہ تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دیا، اس کے باوجود صوبے میں ڈیلیور نہیں کیا جاسکا۔

غریدہ فاروقی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حالات اس قدر خراب ہوچکے ہیں کہ لوگ تنگ آچکے ہیں۔ ان کے مطابق سہیل آفریدی نوجوانوں کے ہاتھوں میں کلاشنکوف دے رہے ہیں اور تشدد کا بیانیہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کوئی آئیڈیل سسٹم نہیں، اس میں بہت سی خامیاں ہوتی ہیں، خاص طور پر پاکستان جیسے ملک میں جہاں غربت زیادہ، تعلیم کی شرح کم اور سیکیورٹی کی صورتحال گھمبیر ہے۔

غریدہ فاروقی نے کہا کہ جمہوریت ان معاشروں میں کامیاب ہوتی ہے جہاں لٹریسی ریٹ زیادہ ہو اور فلاحی ریاست موجود ہو، جیسے امریکہ۔ ان کے مطابق ووٹ کے ذریعے عوام کی جو رائے سامنے آتی ہے، ضروری نہیں کہ وہ ہر دفعہ درست ہو۔

یہ بھی پڑھیں: موٹروے اٹک پل پر ٹک ٹاک بنا کر کیلیں اور کنٹینر ہٹانے والے تحریک انصاف کے آٹھ کارکن گرفتار

سہیل آفریدی کے بطور وزیراعلیٰ مستقبل سے متعلق سوال پر غریدہ فاروقی نے کہا کہ مسئلہ صرف سہیل آفریدی کے ساتھ نہیں بلکہ تحریک انصاف کے’’مائنڈ سیٹ‘‘  کا ہے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں 14 سال سے حکومت کے باوجود دہشتگردی کم ہونے کے بجائے بڑھتی جارہی ہے۔

انہوں نے اس کی بنیادی وجہ تحریک انصاف کی نااہلی اور دہشتگردی کے عناصر کے ساتھ شراکت کو قرار دیا۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں پولیس ایکٹ کے ذریعے پولیس کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

غریدہ فاروقی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس صرف ایک مرتبہ ہوا ہے، جبکہ بلوچستان میں ایپکس کمیٹی کے 4 اجلاس ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ’’خیبرپختونخوا کے مسائل کا واحد حل ایمرجنسی کا نفاذ ہے‘‘۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں ہونے والی دہشتگردی صرف ایک صوبے تک محدود نہیں بلکہ اس سے پورا ملک متاثر ہورہا ہے، جبکہ بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی سے صرف ایک صوبہ متاثر ہورہا ہے۔

غریدہ فاروقی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنے مفادات میں الجھی ہوئی ہیں، اب اپنے سیاسی مفادات کے بجائے پاکستان کے بارے میں سوچنا ہوگا۔

Related Articles