سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر بننے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ نہ تو ان کی بورڈ سے کوئی ملاقات ہوئی اور نہ ہی وہ کسی عہدے کے خواہشمند ہیں۔
گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب اختر سے رابطہ کیا ہے اور انہیں چیف سلیکٹر مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ تاہم شعیب اختر نے ان خبروں پر وضاحت پیش کردی ہے۔
سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ وہ اس وقت ہیوسٹن میں موجود ہیں اور چیف سلیکٹر کے عہدے سے متعلق چلنے والی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی پی سی بی حکام سے ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی اور وہ بورڈ میں کوئی عہدہ لینے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ وہ ایسی خبریں بھی سن رہے ہیں کہ وہ کوئی بڑا عہدہ لینے والے ہیں اور اس کے لیے پیسوں کا مطالبہ کرچکے ہیں، تاہم یہ تمام باتیں غلط اور بے بنیاد ہیں۔ سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری ضرور چاہتے ہیں، لیکن اس کے لیے بورڈ میں کسی عہدے پر فائز ہونے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں۔ یوں شعیب اختر نے چیف سلیکٹر بننے سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری قیاس آرائیوں کی خود تردید کردی ہے۔