واٹس ایپ نے صارفین کی پرائیویسی مزید مضبوط بنانے کے لیے ’ریسٹرکٹڈ چیٹ‘ نامی نئے سکیورٹی فیچر پر کام شروع کردیا ہے، جس کے ذریعے مخصوص چیٹس کو لنکڈ ڈیوائسز پر کھولنے سے روکا جاسکے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ نیا فیچر فی الحال اینڈرائیڈ کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے اور اسے ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی کے تحت ایک اضافی سکیورٹی ٹول کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔
ریسٹرکٹڈ چیٹ کیا ہے؟
ریسٹرکٹڈ چیٹ ایک اختیاری سکیورٹی فیچر ہے جسے صارف کو خود فعال کرنا ہوگا۔ یہ فیچر بائی ڈیفالٹ بند ہوگا اور صارف اپنی مرضی سے کسی مخصوص چیٹ پر اسے لاگو کرسکے گا۔ اس فیچر کو فعال کرنے کے بعد منتخب چیٹ تک پرائمری فون کے علاوہ دیگر لنکڈ ڈیوائسز سے رسائی ممکن نہیں ہوگی۔
کسی چیٹ کو ریسٹرکٹ کرنے کے لیے صارف کو مطلوبہ چیٹ کھول کر اوپر موجود کانٹیکٹ کے نام پر ٹیپ کرنا ہوگا۔ اس کے بعد چیٹ انفو اسکرین پر جاکر نیچے اسکرول کرنے سے ریسٹرکٹڈ چیٹ کا آپشن نظر آئے گا۔ اسے فعال کرنے کے بعد متعلقہ چیٹ پر اضافی پرائیویسی پابندیاں لاگو ہوجائیں گی۔
ریسٹرکٹڈ چیٹ میں کیا بدلے گا؟
فیچر فعال ہونے کے بعد منتخب چیٹ میں کئی سکیورٹی پابندیاں لاگو ہوں گی۔ واٹس ایپ اس چیٹ سے موصول ہونے والی میڈیا فائلز کو فون کی گیلری میں خودکار طور پر محفوظ نہیں کرے گا۔ اس کے علاوہ چیٹ میں موجود دونوں افراد اس گفتگو کو ایکسپورٹ نہیں کرسکیں گے۔
ریسٹرکٹڈ چیٹ میں میٹا اے آئی سے متعلق فیچرز بھی غیر فعال ہوجائیں گے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایسی چیٹ تک پرائمری ڈیوائس کے علاوہ کسی لنکڈ ڈیوائس سے رسائی نہیں دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر اس وقت صرف انفرادی چیٹس کے لیے کام کررہا ہے۔ گروپ چیٹس کو ریسٹرکٹ کرنے کا آپشن فی الحال دستیاب نہیں۔ ریسٹرکٹڈ چیٹ کا اطلاق گفتگو میں شامل دونوں صارفین پر ہوگا، یعنی چیٹ میں موجود سکیورٹی پابندیاں دونوں جانب لاگو ہوں گی۔
تمام صارفین کو کب ملے گا؟
واٹس ایپ نے فی الحال یہ فیچر صرف بیٹا صارفین کے ایک محدود حلقے کے لیے جاری کیا ہے۔ اس لیے عام صارفین کے لیے اس کی دستیابی کی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔ یہ بھی ممکن ہے کہ واٹس ایپ حتمی ورژن جاری کرنے سے پہلے فیچر میں مزید تبدیلیاں کرے۔ دوسری جانب، واٹس ایپ کے موجودہ ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی فیچر کے تحت محفوظ کی گئی چیٹس لنکڈ ڈیوائسز پر بدستور دستیاب رہیں گی۔