مذاکرات کےدروازے کھلے ، ریاست کو یرغمال بنا کر کوئی مطالبہ نہیں منوایا جا سکتا : رانا ثنا اللہ

مذاکرات کےدروازے کھلے ، ریاست کو یرغمال بنا کر کوئی مطالبہ نہیں منوایا جا سکتا : رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ذاتی ایجنڈے کو قومی مفاد پر ترجیح نہ دی جائے، مذاکرات کیلئے حکومت کی جانب سے دروازے کھلے ہیں ، ریاست کو یرغمال بنا کر کوئی مطالبہ نہیں منوایا جاسکتا ۔ 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا  کہ وزیر اعظم اپوزیشن کو مذاکرات کے لیے بیٹھنے کی بات کرچکے ہیں ، پی ٹی آئی کا ایجنڈا سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے ، تمام مسائل مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر حل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ  خیبرپختونخوا میں کسٹمز اور پولیس اہلکار شہید ہو رہے ہیں ،ایک طرف شہدا کی لاشیں پڑی تھیں دوسری طرف صوبائی حکومت نعرے لگا رہی تھی، خیبرپختونخوا حکومت ڈھول بجا بجا کر لوگوں کو اکٹھا کررہی تھی۔

پی ٹی آئی نے سیاست میں گالی گلوچ کو عام کیا 

وزیراعظم کے مشیر کاکہناتھا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈارہا کہ سیاست میں گالم گلوچ کا کلچر عام کیا جائے، پی ٹی آئی نے تسلسل کے ساتھ اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھایا، پی ٹی آئی ہمیشہ اسلام آباد پر حملہ آور ہونے کی کوشش میں رہتی ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا  کہ یہ لانگ مارچ کیلئے 4 اکتوبر سےچلے، اب تک چند ہزار لوگوں کو بھی اکٹھا نہیں کر سکے، ان کے منتظمین نے لانگ مارچ کی آڑ میں کروڑوں روپے کی دہاڑی لگائی، سہیل آفریدی نے پہلے دن ہی بتادیا تھا بانی کےعشق میں مرنا چاہتا ہوں، کروڑوں پختونوں کو آپ اس صورتحال سے کیوں دوچار کر رہے ہیں؟

دہشتگردی کے خلاف بنی پالیسی جاری رہے گی 

مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں جو چیز ڈیڈ لاک کا باعث بنی اس کو غلط طریقے سے پیش کیا جا رہا ہے، تاثر دیا جارہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف پالیسی میں ہماری مشاورت شامل نہیں، دہشتگردی کے خلاف پالیسی بنی ہوئی ہے اور اس پر عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ جوتاثر دے رہے ہیں وہ  سراسر غلط ہے، افواج پاکستان دلیری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں، ان کوسکیورٹی فورسز کےانٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر اعتراض ہے، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ان کے خلاف ہو رہے ہیں جو دہشت گردی میں ملوث ہیں، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن دہشت گردوں کی شکل میں درندوں کے خلاف ہیں۔

کوئی آئی ڈی پیز نہیں بن رہے

ان کا کہنا تھا کہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ کوئی نیا آپریشن ہو رہا ہے اور آئی ڈی پیز بنیں گے، کوئی آئی ڈی پیز نہیں بن رہے، لوگوں کے دلوں میں خوف پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری رہیں گے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سعودی عرب، قطر، چین، ترکیے نے افغان رجیم کو سمجھانے کی کوشش کی، افغان رجیم کو سمجھایا گیا کہ کوشش کریں آپ کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو، پاکستان کے تمام حقائق کو تسلیم کیا گیا لیکن گارنٹی دینے کو تیار نہیں۔

editor

Related Articles