ضلع خیبر کے علاقے باڑہ چوک پر شرپسند عناصر کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور سرکاری و عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پا لیا اور غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں سمیت ملوث متعدد افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ عبدالغنی آفریدی، اقبال آفریدی اور شاہد خٹک کے فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اطلاعات کے مطابق باڑہ چوک پر عبدالغنی آفریدی، اقبال آفریدی اور شاہد خٹک کی سرکردگی میں شرپسند عناصر نے بدامنی پھیلانے کی کوشش کی، جس کے دوران سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حالات کو کنٹرول کیا اور ملوث عناصر کو گرفتار کر لیا۔ اطلاعات کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں بڑی تعداد غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی ہے۔
دوسری جانب پولیس کارروائی کے بعد مبینہ طور پر ہنگامہ آرائی میں مرکزی کردار ادا کرنے والے عبدالغنی آفریدی، اقبال آفریدی اور شاہد خٹک فرار ہیں۔
متعلقہ حکام کے مطابق ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے، عوامی املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔