انگلینڈ سے ٹکر،ہیسن نے ٹرائی سیریز کو بڑا چیلنج قرار دے دیا، پاکستانی ون ڈے اسکواڈ کی بہتری کا اعتراف

انگلینڈ سے ٹکر،ہیسن نے ٹرائی سیریز کو بڑا چیلنج قرار دے دیا، پاکستانی ون ڈے اسکواڈ کی بہتری کا اعتراف

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان نے مختلف تبدیلیوں کے ساتھ اپنی بہترین کرکٹ کھیلنے کی کوشش کی، تاہم آخری میچ میں بولنگ توقعات کے مطابق نہیں رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ صاحبزادہ فرحان کپتانی کی ذمہ داری سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور وقت کے ساتھ ان کی قائدانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری آئے گی۔

مڈل آرڈر کی کارکردگی

راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری مقابلے میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ پاکستان گزشتہ ڈیڑھ سال سے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتتا آ رہا ہے۔ اس دوران ٹیم کے مڈل آرڈر نے فتوحات میں اہم کردار ادا کیا اور کئی مواقع پر عمدہ کارکردگی دکھائی۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں مختلف تبدیلیاں کی گئیں اور ٹیم نے اپنی بہترین کرکٹ پیش کی۔ کوچ کے مطابق مسلسل کامیابیوں کے باوجود ٹیم کو اپنی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے خامیوں پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ ایشلے نوفکی مستعفی ہوگئے

صاحبزادہ فرحان کی کپتانی

صاحبزادہ فرحان کی قیادت سے متعلق سوال پر مائیک ہیسن نے کہا کہ ان میں کھیل کو سمجھنے کی اچھی صلاحیت موجود ہے۔ وہ کپتانی کی ذمہ داری سے محظوظ ہو رہے ہیں اور انہیں توقع ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ان کی قیادت میں مزید نکھار آئے گا۔

بولنگ میں بہتری کی ضرورت

سری لنکا کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ہیڈ کوچ نے تسلیم کیا کہ پاکستانی بولرز اس مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے۔

مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کی پہچان ہمیشہ تیز رفتار فاسٹ بولرز رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں شان ٹیٹ پاکستانی فاسٹ بولرز کے ساتھ کام کریں گے تاکہ ان کی بولنگ میں بہتری لائی جا سکے۔

ٹرائی سیریز بڑا امتحان ہوگی

آئندہ ون ڈے انٹرنیشنل ٹرائی سیریز کے بارے میں مائیک ہیسن نے کہا کہ پاکستان کے ون ڈے اسکواڈ نے حالیہ عرصے میں اپنی کارکردگی بہتر بنائی ہے، تاہم انگلینڈ کی ٹیم اس وقت عالمی سطح پر مضبوط حریف ہے،انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف مقابلوں سمیت ٹرائی سیریز پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوگی، جس میں ٹیم کو اپنی صلاحیتوں اور حالیہ بہتری کو میدان میں ثابت کرنا ہوگا۔

editor

Related Articles