پاکستانی فوٹوگرافر کی تصویر نے عالمی مقابلے میں سب کی توجہ کھینچ لی

پاکستانی فوٹوگرافر کی تصویر نے عالمی مقابلے میں سب کی توجہ کھینچ لی

پاکستان کے معروف فوٹوگرافر علی اویس شیخ نے بین الاقوامی ڈرون فوٹو ایوارڈز میں وائلڈ لائف فوٹوگرافی کے زمرے میں کامیابی حاصل کرکے ملک کا نام روشن کردیا۔

مقابلے میں ان کی تصویر ’ہیڈن اِن پلین سائٹ‘ کو فاتح قرار دیا گیا۔ اس تصویر میں برفانی چیتے کے2 بچوں کو ان کے قدرتی ماحول میں اس مہارت سے عکس بند کیا گیا ہے کہ دشوار گزار پہاڑی علاقے میں موجود یہ نایاب مناظر دیکھنے والوں کی توجہ حاصل کرلیتے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق، 10 اکتوبر کو اٹلی کے تاریخی شہر سیئنا کے ایک تھیٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران علی اویس شیخ نے خود یہ بین الاقوامی اعزاز وصول کیا۔

یہ بھی پڑھیں:مشروب پینے کا انوکھا مقابلہ، شیف نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

ڈرون فوٹو ایوارڈز دنیا بھر کے فوٹوگرافروں کو فضائی فوٹوگرافی کے ذریعے قدرت، جنگلی حیات، ماحول اور انسانی زندگی کے منفرد مناظر پیش کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

سیئنا ایوارڈز فیسٹیول 2026 سے متعلق بلدیہ سیئنا کی معلومات کے مطابق، اس سال3 بین الاقوامی مقابلوں میں 163 ممالک سے 40 ہزار سے زائد تصاویر موصول ہوئیں۔ ایسے بڑے عالمی مقابلے میں پاکستانی فوٹوگرافر کی کامیابی ملک کے تخلیقی ٹیلنٹ کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کی عکاسی کرتی ہے۔

علی اویس شیخ کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی فنی مہارت کا اعتراف ہے بلکہ برفانی چیتے جیسے نایاب جنگلی جانوروں اور ان کے قدرتی مسکن کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا بھی ایک اہم ذریعہ ہے۔

editor

Related Articles