خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.1 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز تاجکستان کے علاقے گرم چشمہ کے قریب بتایا گیا۔
زلزلے کے جھٹکے لوئر دیر، شبقدر، مالاکنڈ، سوات، مانسہرہ اور خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے شہر چلاس، ضلع دیامر اور ملحقہ علاقوں میں بھی زمین لرز اٹھی۔
اطلاعات کے مطابق لوئر دیر، پاراچنار اور چلاس میں زلزلے کے جھٹکے نسبتاً زیادہ شدت سے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے باعث شہریوں میں تشویش پائی گئی، تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع فراہم نہیں کی گئی۔