مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کی ہلاکت کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے آپریشن کے دوران نائب حوالدار غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا پوری قوم کا فخر ہیں۔
ثمر ہارون بلور نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابلِ فخر ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں ملک میں امن و استحکام کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ وطن کے دفاع اور عوام کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور پوری قوم اپنے شہدا پر فخر کرتی ہے۔
مشیرِ اطلاعات نے نائب حوالدار غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
ثمر ہارون بلور نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رکھنا ہوگی۔ خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے قومی اتحاد، عزم اور سکیورٹی فورسز کی مسلسل کوششیں ناگزیر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کے امن کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔
مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔