عالمی منڈی میں خام تیل کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کو بالاخر بریک لگ گئی ہے، گزشتہ ہفتے تقریباً چھ ماہ کی بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد آج پیر کے روز خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی اور برطانوی خام تیل دونوں کی قیمتوں میں ڈیڑھ ڈالر سے زائد کا توازن دیکھا گیا ہے۔
تیل کی قیمتوں کی تازہ صورتحال
مارکیٹ میں تازہ ترین ردوبدل کے بعد عالمی منڈی میں قیمتوں کی صورتحال کچھ یوں ہے ، امریکی خام تیل کی قیمت میں 1 ڈالر 60 سینٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد یہ 101 ڈالرز 67 سینٹ فی بیرل پر آ گئی ہے ، عالمی معیار سمجھے جانے والے برطانوی برینٹ خام تیل کی قیمت 1 ڈالر 56 سینٹ گھٹ کر 115 ڈالرز 16 سینٹ فی بیرل ہو گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے کے دوران عالمی مارکیٹ میں توانائی کی رسد کو شدید خدشات کا سامنا رہا، جس کے باعث قیمتیں تیزی سے اوپر گئیں، سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر حوثی باغیوں کے حملوں کی خبروں نے عالمی سپلائی چین کو متاثر ہونے کا خوف پیدا کر دیا تھا۔
اسی تشویش کی بنا پر صرف جمعہ کے دن امریکی اور برطانوی خام تیل کی قیمتوں میں 3 ڈالرز کا بڑا اضافہ دیکھا گیا تھا اور ہفتے کے اختتام پر مجموعی طور پر برینٹ خام تیل میں 6 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا تھا، امریکی خام تیل میں 2.3 فیصد کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق گزشتہ ہفتے کی شدید تیزی کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کمانے (Profit Booking) اور سپلائی کی صورتحال میں عارضی بہتری کے باعث قیمتوں میں یہ عارضی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ تاہم، مشرقِ وسطیٰ میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر انرجی مارکیٹ میں غیر یقینی کا عنصر اب بھی قائم ہے۔