ترکیہ کی سپر لیگ میں گالاتاسرائے اور فینرباہچے کے درمیان میچ کے اختتام پر صورتحال کشیدہ ہوگئی اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔
انٹرکانٹینینٹل ڈربی میں 1 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست کے بعد فینرباہچے کے کھلاڑیوں میں غصہ دیکھا گیا۔ تلخ کلامی بڑھنے پر اسٹیڈیم کے عملے کو مداخلت کرنا پڑی تاکہ جھگڑے کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔
میچ کے بعد فینرباہچے کے کھلاڑی کریم آکتوراوغلو اور مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ اس موقع پر گالاتاسرائے کے کپتان عبدالکریم بردقجی کی اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو جھگڑے سے دور لے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
صورتحال اس وقت مزید خراب ہوئی جب مڈفیلڈر ماتیو گینڈوزی اور گالاتاسرائے کے ایک اہلکار کے درمیان بھی جھڑپ شروع ہوگئی۔ کھلاڑیوں کے ساتھ اسٹیڈیم کی سیکیورٹی بھی موقع پر پہنچ گئی۔
اسی دوران ایک اور جھڑپ میں انگلش فٹبالر آرچی براؤن نے گالاتاسرائے کے کپتان عبدالکریم بردقجی کی گردن کو بازوؤں میں جکڑ لیا۔ بعد ازاں براؤن کو کھینچ کر زمین پر گرا دیا گیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے اور میچ کے بعد کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی اس ہاتھا پائی نے توجہ حاصل کرلی ہے۔