بلوچستان کے ضلع کچھی اور ضلع وڈھ میں سکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنتہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 26 اکتوبر 2026 کو بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ ضلع کچھی میں کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کردیا۔ اس موقع پر دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے بعد ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
دوسری کارروائی ضلع وڈھ میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور انہیں روک کر کارروائی کی۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 2 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ اس کارروائی کے دوران بھی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
حکام کے مطابق کارروائیوں کے بعد دونوں علاقوں میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کا پتا لگانے اور انہیں ختم کرنے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں، تاکہ علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کیا جاسکے۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق یہ کارروائیاں قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ حکمتِ عملی ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت جاری مہم کا حصہ ہیں۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔