محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔ جمعرات کو خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور شمالی علاقوں میں سرد رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کی رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ جمعرات کو بھی بیشتر علاقوں میں خشک موسم برقرار رہے گا، تاہم شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور صبح و رات کے اوقات میں سردی کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں کہاں بارش ہوگی؟
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
تاہم چترال، سوات اور گردونواح میں رات کے وقت مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد میں موسم کیسا رہے گا؟
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں خنکی محسوس ہوگی۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ مری، گلیات اور گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی رہے گی، جبکہ رات کو مطلع جزوی ابر آلود ہونے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم سرد رہنے کی توقع ہے، تاہم شام اور رات کے دوران چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
سندھ اور بلوچستان میں موسم خشک رہنے کی توقع
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، جبکہ دن کے اوقات میں گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی محسوس ہوگی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کی صورتحال
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہا۔
ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق لہہ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیارت اور اسکردو میں ایک، ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔