پاکستانی ننھے شاہینوں کا عالمی میدان میں بڑا کارنامہ، فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ میں پہلی تاریخی کامیابی

پاکستانی ننھے شاہینوں کا عالمی میدان میں بڑا کارنامہ، فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ میں پہلی تاریخی کامیابی

آذربائیجان میں جاری فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 میں پاکستان کی نوجوان فٹبال ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ قومی ٹیم نے ٹونگا کو ایک کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دی، جبکہ کلیم اللہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار گول اسکور کیے۔

آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم نے ابتدائی خسارے کے باوجود شاندار واپسی کی اور ٹونگا کے خلاف یکطرفہ کامیابی حاصل کی۔

میچ کے چھٹے منٹ میں ٹونگا نے پنالٹی کک پر گول کرکے برتری حاصل کی، تاہم پاکستان کے کلیم اللہ نے اگلے ہی منٹ میں پنالٹی کک پر گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

کلیم اللہ نے 13ویں منٹ میں دائیں جانب سے آنے والے کراس پر ہیڈر کے ذریعے پاکستان کو برتری دلائی، جبکہ پہلے ہاف کے اضافی وقت میں ایک اور پنالٹی کک کو گول میں تبدیل کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔

دوسرے ہاف میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل جاری رکھا۔ کلیم اللہ نے بائیں جانب سے ملنے والی کک اِن پر ہیڈر کے ذریعے اپنا چوتھا گول اسکور کیا اور پاکستان کی برتری مزید مستحکم کردی۔

یہ بھی پڑھیں: انگلش فٹبال میں تاریخی اپ سیٹ ، آرسنل کو فلیٹ ووڈ کے ہاتھوں بدترین شکست

پاکستان کی جانب سے مقبول احمد نے طویل فاصلے سے طاقتور شاٹ کے ذریعے پانچواں گول کیا، جبکہ محمد مصطفیٰ نے بائیں جانب سے بننے والے حملے کو کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے چھٹا گول اسکور کردیا۔

پاکستانی ٹیم نے میچ کے بیشتر حصے میں حریف پر دباؤ برقرار رکھا اور گول کرنے کے مزید کئی مواقع بھی پیدا کیے۔

اس سے قبل پاکستان نے اردن اور نائیجیریا کے خلاف اپنے دونوں میچ ایک ایک گول سے برابر کھیل کر ٹورنامنٹ میں ابتدائی دو پوائنٹس حاصل کیے تھے، تاہم ٹونگا کے خلاف کامیابی سے قومی ٹیم نے ایونٹ میں اپنی پہلی فتح درج کرائی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر کی کھلاڑیوں کو مبارکباد

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے میچ کے دوران اسٹیڈیم میں موجود رہ کر نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں نے فیفا ورلڈ کپ کے پلیٹ فارم پر پہلی فتح حاصل کرکے اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔

سید محسن گیلانی نے ٹیم کی تیاری میں کوچنگ اسٹاف اور انتظامیہ کے کردار کو بھی سراہا اور نوجوان فٹبالرز کے لیے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کو انتہائی اہم قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیزفتح،صدر مملکت اور وزیراعظم کی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو مستقبل میں مختلف خطوں کی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے، جس سے ان کی صلاحیتوں میں بہتری آئے گی۔

پاکستان کی فیفا ورلڈ کپ ایونٹ میں پہلی شرکت

فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 کا پہلا ایڈیشن آذربائیجان کے شہر باکو میں منعقد ہورہا ہے، جہاں مختلف ممالک کی نوجوان ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

پاکستان پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کے کسی ایونٹ میں شرکت کررہا ہے۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ احسان اللہ خان ہیں، جنہوں نے ٹورنامنٹ کے لیے 14 رکنی اسکواڈ منتخب کیا تھا۔

Related Articles