سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں صدارتی نشست پر ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گئی، غیر حتمی نتائج کے مطابق احسن بھون کے حمایت یافتہ انڈیپنڈنٹ گروپ کے امیدوار سید امجد علی شاہ صدر منتخب ہو گئے۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق سید امجد شاہ نے لاہور سے 644 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے مدمقابل پروفیشنل گروپ کے صدارتی امیدوار سردار امان خان 400 ووٹ حاصل کر سکے۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احسن بھون نے انتخابی کامیابی پر بار کے وکلا کو مبارکباد دی اور حمایت کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چودھری پرویز الٰہی کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
احسن بھون کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کے مطابق ہونے والی ترامیم کی حمایت کی جائے گی۔
دوسری جانب نومنتخب صدر سید امجد شاہ نے بھاری مینڈیٹ ملنے پر وکلا برادری سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ حمایت کرنے والے تمام وکلا کے شکر گزار ہیں۔
سید امجد شاہ نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ وکلا کی فلاح و بہبود ان کی ترجیحات میں شامل ہوگی۔
