وفاقی حکومت نے دوہری شہریت سے متعلق ڈیکلیریشن جمع نہ کرانے والے اعلیٰ سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 20 سے 22 تک کے افسران کے خلاف کارروائی کی اجازت حاصل کرنے کے لیے سمری وزیراعظم آفس کو ارسال کر دی ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے حکام کے مطابق وزیراعظم کی منظوری کے بعد دوہری شہریت سے متعلق ڈیکلیریشن جمع نہ کرانے والے افسران کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے، جبکہ متعلقہ افسران کی ترقیاں روکنے، لازمی ریٹائرمنٹ دینے یا ملازمت سے برطرف کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 2 ہزار 917 سرکاری افسران میں سے 62.5 فیصد نے تاحال دوہری شہریت سے متعلق حلف نامے جمع نہیں کرائے، جبکہ ڈیکلیریشن جمع کرانے والے افسران میں سے صرف 8.68 فیصد نے اپنی غیر ملکی شہریت ظاہر کی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ڈیکلیریشن جمع نہ کرانے والوں میں گریڈ 20، 21 اور 22 کے اعلیٰ سرکاری افسران بھی شامل ہیں، جن کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس، سیکریٹریٹ اور آفس مینجمنٹ گروپس سے ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کے لیے وزیراعظم سے باضابطہ منظوری طلب کر لی ہے۔ منظوری ملنے کے بعد شوکاز نوٹس کے اجرا سمیت مزید محکمانہ کارروائی شروع کی جا سکے گی۔