وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں مشترکہ شراکت داری کو وسعت دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران صنعت، توانائی، جدید ٹیکنالوجی اور کاروباری ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے سعودی سفیر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو عملی اقتصادی تعاون میں تبدیل کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔
ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے سعودی عرب میں وژن 2030 کے تحت ہونے والی معاشی اور سماجی تبدیلیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی اصلاحات نے کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔ ان کے مطابق سعودی عرب کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب مختلف شعبوں میں اپنے تعاون کو مزید وسعت دے سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل، معدنی ذخائر اور نوجوان افرادی قوت سے مالا مال ہے۔ ان صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر صنعتی ترقی، سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی شراکت داری کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر سعودی سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تعلیم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون کو دونوں ممالک کے لیے اہم قرار دیا۔
ملاقات میں صنعتی اداروں اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مہارتوں کے تبادلے کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس مقصد کے لیے تکنیکی ٹیموں کو فعال کرنے کا بھی فیصلہ کیا، جو تعاون کے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کریں گی اور مشترکہ منصوبوں کو عملی شکل دینے کے لیے کام کریں گی۔