انگلش بلے بازوں کا سری لنکن باؤلرز پر لاٹھی چارج، رنز کے انبار لگا دیے، سری لنکا کو 55 رنز سے شکست

انگلش بلے بازوں کا سری لنکن باؤلرز پر لاٹھی چارج، رنز کے انبار لگا دیے، سری لنکا کو 55 رنز سے شکست

تین ملکی ون ڈے سیریز کے آخری گروپ میچ میں انگلینڈ نے شاندار بیٹنگ اور عمدہ باؤلنگ کی بدولت سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے دی۔ انگلینڈ کے اوپنر بین ڈکٹ نے 167 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ لیام ڈاسن نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 386 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا اور سری لنکا کو کامیابی کے لیے 387 رنز کا ہدف دیا۔

انگلینڈ کی جانب سے اوپنر بین ڈکٹ نے سری لنکن باؤلرز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 167 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں ٹام بیٹن نے 74، ہیری بروک نے 44، جارڈن کاکس نے 43، ول جیکس نے 30 جبکہ سیم کرن نے 21 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دلشن مدھوشنکا، ایشان ملنگا اور داسن شناکا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

387 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بلے بازوں نے مزاحمت کی، تاہم پوری ٹیم 45.1 اوورز میں 331 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے پاون نے 118 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، تاہم ان کی سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ کپتان کوشل مینڈس نے 71 گیندوں پر 89 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ اوشکا فرنینڈو 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کی بہترین کارکردگی کے ساتھ 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور سری لنکا کی شکست میں اہم کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ تین ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہفتے کو کھیلا جائے گا۔

Related Articles