سردی نے دستک دے دی! بالائی علاقوں میں بادلوں کی یلغار، بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

سردی نے دستک دے دی! بالائی علاقوں میں بادلوں کی یلغار، بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے جبکہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج رات کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔

موسم کی پیشگوئی کے مطابق جمعہ کے روز بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ صبح اور رات کے اوقات میں سردی محسوس ہوگی۔ گلگت بلتستان کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں خنکی برقرار رہے گی۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی ہوگی۔ چترال، سوات، کوہستان اور ملحقہ علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم مری، گلیات، نارووال، سیالکوٹ اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ گرج چمک، ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے جبکہ دن کے اوقات میں گرمی برقرار رہنے کی توقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم صوبے کے شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی محسوس ہوگی۔

گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے، جبکہ آج رات کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔

مجموعی طور پر ملک کے میدانی علاقوں میں خشک موسم جبکہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں سردی، جزوی بادلوں اور بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

Related Articles