پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلم انڈسٹری کے معروف اداکار بابرک شاہ ان دنوں تماشا سیزن 5 جیتنے کے بعد خاصی شہرت حاصل کر رہے ہیں۔ شو میں کامیابی کے بعد وہ مختلف انٹرویوز اور پوڈکاسٹس میں اپنی جیت اور تجربات کے حوالے سے گفتگو کر رہے ہیں۔
حال ہی میں بابرک شاہ نے وی نیوز کے لیے حنا سلمان کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے تماشا 5 میں ملنے والے معاوضے سے متعلق اہم انکشاف کیا۔
اپنی کمائی کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ شو کا معاوضہ ظاہر کرنے کی اجازت ہے یا نہیں، تاہم وہ تماشا 5 کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے امیدوار تھے۔
بابرک شاہ کے مطابق شو جیتنے پر ملنے والی انعامی رقم ان کے معاہدے کا حصہ نہیں تھی، کیونکہ یہ رقم ٹرافی جیتنے کے بعد ملنا تھی اور کسی کو معلوم نہیں تھا کہ کامیابی کس کے حصے میں آئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ شو میں شرکت کے بعد انہیں انعامی رقم کے بارے میں علم ہوا، کیونکہ اس سے پہلے وہ اس رقم سے واقف نہیں تھے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ شو کے دوران انہیں روزانہ کی بنیاد پر بھی مناسب معاوضہ دیا جاتا تھا، جبکہ ان کی مجموعی کمائی لاکھوں روپے میں رہی۔
بابرک شاہ نے مزید کہا کہ ان کے اصل معاوضے کا اندازہ اس وقت ہو سکے گا جب فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ذریعے ٹیکس کی تفصیلات سامنے آئیں گی۔