پاکستان میں دراندازی، دہشت گردی اور امن و امان خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کو اب ہر مہم جوئی کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ پاکستانی شہریوں پر فائرنگ کے جواب میں افغان طالبان کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انگور اڈہ کے سامنے واقع شاکن بیس کیمپ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد کی خصوصی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق کارروائی کے دوران افغان طالبان کی متعدد پوسٹیں تباہ کردی گئیں، جبکہ افغان خوارج کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ شاکن بیس کیمپ میں آگ کے شعلے بلند ہوتے اور دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔
پاکستان کا واضح پیغام ہے کہ سرحد پار سے دراندازی، پاکستانی شہریوں پر فائرنگ اور ملک کا امن تباہ کرنے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والوں اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث عناصر کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے اور انہیں ان کی کارروائیوں کا جواب دیا جائے گا۔
پاکستانی مؤقف کے مطابق ہر بے گناہ شہری کی جان قیمتی ہے اور اس کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ افغان طالبان رجیم کو یہ پیغام دے دیا گیا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی، دراندازی یا دہشت گردی کی سرپرستی کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، امن خراب کرنے والوں کے لیے اب کوئی رعایت نہیں ہوگی۔