ہانگ کانگ سکسز : پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے دی

ہانگ کانگ سکسز : پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے دی

ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان نے اپنے دوسرے گروپ میچ میں روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے دی ،  قومی ٹیم نے 89 رنز کا ہدف محض 3.5 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

مونگ کوک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد بھارتی ٹیم مقررہ 6 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنا سکی۔

بھارت کی جانب سے ششانک سنگھ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 11 گیندوں پر 40 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے عبدالصمد نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ احمد دانیال اور محمد شہزاد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

خواجہ نافع اور عباس آفریدی کی دھواں دار بیٹنگ

89 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور بھارتی بولرز کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا ، خواجہ نافع نے محض 12 گیندوں پر 41 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جبکہ کپتان عباس آفریدی نے صرف 8 گیندوں پر 35 رنز بنا کر فتح کی راہ مزید آسان کردی۔

یہ بھی پڑھیں : بابر اعظم کیلئے افسوسناک بات یہ ہے کہ وہ ٹیم میں تنہا ہیں، وقار یونس نے ناقدین کی بولتی بند کروادی

دونوں بلے باز آؤٹ ہوئے، تاہم عبدالصمد 7 اور عرفان خان 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستان نے ہدف 3.5 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پہلے میچ کی شکست کا ازالہ

واضح رہے کہ پاکستان کو ہانگ کانگ سکسز کے اپنے پہلے گروپ میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم روایتی حریف بھارت کے خلاف شاندار کامیابی نے قومی ٹیم کو ایونٹ میں واپسی کا موقع فراہم کردیا ہے۔

editor

Related Articles